بھارت میں جینز پہننے پر 17 سالہ لڑکی کو دادا اور چچا نے قتل کردیا

ویب ڈیسک  منگل 27 جولائ 2021
17 سالہ نیہا پاسوان کی شادی ماموں زاد سے ہوئی تھی، فوٹو: فائل

17 سالہ نیہا پاسوان کی شادی ماموں زاد سے ہوئی تھی، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں 17 سالہ نیہا پاسوان کو جینز پہننے پر اس کے دادا اور چچا نے لاٹھی سے مار مار کر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 17 سالہ نیہا پاسوان جینز پہننا پسند کرتی تھی جس پر اس کے دادا اور چچا سخت ناراض ہوتے اور غصے کا اظہار کرتے تھے جب کہ والد محنت مزدوری کے لیے دوسرے شہر گئے ہوئے تھے۔

نیہا کی والدہ شکنتلا دیوی پاسوان نے بی بی سی سے گفتگو میں بتایا کہ میری بیٹی روزے سے تھی اور شام کو رسم پوری کرنے کا وقت آیا تو جینز اور شرٹ پہن کر پوجا کرنے لگی جس پر اس کے دادا اور چچا نے سخت اعتراض کیا۔

Neha paswan

شکنتلا دیوی نے واقعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ اس پر نیہا نے دادا اور چچا سے خوب بحث کی جس پر ان دونوں نے نیہا کو لاٹھی اور ڈنڈوں سے پیٹا، یہاں تک کہ میری بیٹی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

نیہا کی لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے رکشے میں لے جا کر پل سے نیچے ندی میں پھینکا گیا لیکن لاش ندی میں گرنے کے بجائے لوہے کی گرل میں پھنس گئی۔

گرل میں پھنسی لاش کو دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کو مطلع کیا جس پر دادا کو حراست میں لے لیا گیا تاہم دو چچا اور رکشہ ڈرائیور فرار ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔