ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر پی آئی اے فضائی میزبانوں کی ڈیوٹی پر پابندی

ویب ڈیسک  منگل 27 جولائی 2021
حکومتی ہدایات کے تحت یکم اگست سے بغیر سرٹیفکیٹ پرواز پر تعیناتی نہیں کی جائے گی (فائل فوٹو)

حکومتی ہدایات کے تحت یکم اگست سے بغیر سرٹیفکیٹ پرواز پر تعیناتی نہیں کی جائے گی (فائل فوٹو)

 اسلام آباد: ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر قومی ایئر لائن کے فضائی میزبانوں کی ڈیوٹی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پی آئی اے کے شعبہ فلائٹ سروسز سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر پی آئی اے فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی کرنے پر پابندی ہوگی، کورونا سے بچاؤ کے ضمن میں فضائی میزبانوں کے ڈیوٹی فری شاپ جانے پر بھی پابندی ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ویکسین کی ایک یا دو ڈوز کا حامل ہونے پر نادرا کا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ ایک ڈوز کی صورت میں 1166 سے جاری میسیج پیش کرنا بھی ضروری ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق حکومتی ہدایات کے تحت یکم اگست سے بغیر سرٹیفکیٹ اندرون ملک پرواز پر تعیناتی نہیں کی جائے گی، انٹرنیشنل پروازوں کے میزبانوں کے ٹرمینل بلڈنگ میں غیر ضروری نقل و حرکت کی بھی ممانعت ہوگی۔

بین الاقوامی پروازوں کے میزبانوں کی جانب سے خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم تنخواہ سے منہا اور انضباطی کارروائی بھی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔