اگلے الیکشن میں سندھ کا فیصلہ مختلف ہوگا، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  بدھ 28 جولائی 2021
سندھ کے لوگ لاچارگی سے دوچار ہیں ، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

سندھ کے لوگ لاچارگی سے دوچار ہیں ، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

 کراچی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور اگلے انتخابات میں یہاں کا فیصلہ مختلف ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ کے ساتھ ہمارا بہت پرانا تعلق ہے، سندھ کے لوگوں نے موجودہ حکمرانوں پر اعتماد کیا لیکن آج سندھ کے لوگ لاچارگی سے دوچار ہیں ، یہاں امن و امان کی صورت حال سب کے سامنے ہے، سندھ کا محکمہ صحت تباہ حال ہے، اندرون سندھ کی کیا حالت ہے، تھرپارکر کی کیا حالت سب سامنے ہے، وہاں کی مقامی اقلیتیں پس رہی ہیں ، سندھ کے لوگ 12 سال سے متبادل دیکھ رہے ہیں، سندھ کے لوگ تبدیلی چاہتے ہیں، اگلے الیکشن میں سندھ کا فیصلہ مختلف ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کا راگ الاپنے والے اپنی کارکردگی تو بتائیں ،یہ لوگ قومی اسمبلی آکر تقریر کرتے ہیں کہ جمہوری روایات کا پاس ہونا چاہیے لیکن وہ پہلے سندھ میں بھی جمہوری روایات کا پاس تو کریں۔

داسو واقعے اور اس کے پاک چین تعلقات پر اثرات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان میں استحکام نہیں چاہتیں، چین کے ساتھ تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی کی نوعیت کو کچھ طاقتیں سمجھ نہیں سکتیں، داسو واقعہ بزدلانہ کارروائی ہے، اس سے چینی اور پاکستانی متاثر ہوئے۔

ناراض بلوچ قوم پرستوں سے مذاکرات کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی اہم اکائی ہے، بلوچستان میں مشکلات کا حل نکالنا ہوگا،بلوچستان کے جو لوگ ناراض تھے انہیں مرکزی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔