گوجر خان میں سابق شوہر نے خاتون کی ناک کاٹ ڈالی

ویب ڈیسک  جمعرات 29 جولائی 2021
ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار جارہے ہیں، پولیس فوٹو: ایکسپریس

ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار جارہے ہیں، پولیس فوٹو: ایکسپریس

 راولپنڈی: گوجر خان میں سابق شوہر نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی ناک کاٹ ڈالی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق میر پور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ مریم بی بی اپنی عزیزہ کے گھر گوجر خان کے گاؤں دلمی آئی ہوئی تھی، جہاں اس کے سابق شوہر تاج دین نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس پر تشدد کیا، اس کی ناک کاٹ دی اور فرار ہوگیا۔ خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

مریم بی بی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ اس نے میرپور کے رہائشی تاج دین سے خلع لے کرآٹھ ماہ قبل گجرات کے غلام فرید سے شادی کی، تاج دین کچھ عرصہ قبل چند افراد کے ساتھ مل کر مجھے زبردستی گجرات سے میرپور لے گیا، غلام فرید لینے آیا تو تاج دین نے پولیس کو بلا لیا، غلام فرید کے پاس نکاح نامہ نہ ہونے پرپولیس نے مجھے دوبارہ تاج دین کے حوالے کردیا، ۔27 جولائی کی شام تاج دین اور اس کی ہمشیرہ کے ساتھ ماموں کی تیمارداری کے لیے ڈھوک میجر روات آئی، تاج دین اسے دلمی میں کھلی جگہ لے گیا جہاں دو نامعلوم افراد پہلے سےموجود تھے ، تاج دین نے رومال سے میرے ہاتھ پاؤں باندھے اور خنجر سے میری ناک کاٹ دی، پھر دائیں پاوں کے اوپر اور عقبی حصے پر پاؤں کاٹنے کے لیے وار کیے، شور پر ملزمان اسی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمے زخمی کرنے اور جسمانی اعضا کو نقصان پہنچانے سے متعلق دفعہ  334،148اور 149 شامل کی گئی ہیں، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار جارہے ہیں۔

خاتون پر تشدد وناک کاٹے جانے کے واقعہ کی اطلاع پر سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو فوری مقدمہ کے درج کرکے ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ‏خواتین پر تشدد، زیادتی اور استحصال قطعأ ناقابل برداشت ہے، ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف راولپنڈی پولیس زیرو ٹالیرنس پر عمل پیرا ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے ذمہ دار سفاک ملزم کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔