زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی اڑان برقرار

احتشام مفتی  جمعـء 30 جولائی 2021
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 162.43 اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 162.70روپے کا ہوگیا

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 162.43 اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں 162.70روپے کا ہوگیا

زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعہ کو بھی ڈالر کی اڑان برقرار رہی جس سے ڈالر کی قدر 162روپے سے تجاوز کرکے گیارہ دن کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 55 پیسے کے اضافے سے 162.43روپے کی سطح پر بند ہوئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 70پیسے کے اضافے سے 162.70روپے پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دوبارہ سخت لاک ڈاؤن شروع کرنے سے اضطراب بڑھ گیا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کی صورت میں درآمدات پر انحصار بڑھ جائے گا لہذا مختلف درآمدی شعبوں کی جانب سے ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے جس کے نتیجے میں ڈالر کی نسبت روپیہ کمزور ثابت ہورہاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ کی صدارت میں وزارت خزانہ کے حکام نے رواں سال قرضوں ترسیلات کی صورت میں 87ارب ڈالر سے زائد مالیت کا زرمبادلہ موصول ہونے کے تخمینے سے متعلق آگاہی تو دی لیکن اس مدت میں قرضوں کی اقساط اور دیگر مدوں آوٹ فلوز سے متعلق تخمینے سے لاعلمی کا اظہار کیا جس سے مختلف شعبوں میں طرح طرح کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں اور ان شعبوں نے ڈالر میں سرمایہ کاری بڑھادی ہے جسے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تنزلی سے دوچار ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل مدت کے دورانیے کے لیے ڈالر طلب کے مقابلے رسد کم ہونے کے امکانات ہیں کیونکہ رواں سال پاکستان کو واجب الادا بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں جس سے مستقبل میں روپیہ کی قدر پر دباؤ بڑھنے کے امکانات ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔