سونو کو دیکھ کر ایشوریا کو کس کی یاد آتی ہے، اداکارہ نے بتا دیا

ویب ڈیسک  جمعـء 30 جولائی 2021
ایشوریا رائے آج تک مجھے ’بھائی صاحب‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں، سونو سود (فائل فوٹو)

ایشوریا رائے آج تک مجھے ’بھائی صاحب‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں، سونو سود (فائل فوٹو)

 ممبئی: بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے کو اداکار سونو سود کو دیکھ کر جس کی یاد آتی ہے وہ بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف شخصیت ہیں۔

اداکارہ ایشوریا رائے اور اداکار سونو سود نے فلم ہدایت کار آشوتوش گواریکر کی فلم ’جودھا اکبر‘ میں بھائی بہن کا کردار ادا کیا۔ 2008ء میں بننے والی اس فلم کے بعد سے ایشوریا رائے باقاعدگی سے سونو سود کو ہر رکشا بندھن پر راکھی باندھتی ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار سونو سود نے بتایا کہ فلم ’جودھا اکبر‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ ایشوریا رائے سیٹ پر موجود تھیں، وہ میرے پاس آئیں اور کہا کہ ’آپ کا چہرہ دیکھ کر مجھے امیتابھ بچن یاد آتے ہیں‘۔

سونو سود نے یہ بھی بتایا کہ فلم میں بھائی بہن کا کردار ادا کرنے کے بعد سے ایشوریا رائے مجھے آج تک ’بھائی صاحب‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ اداکار سونو سود نے بھارت میں کورونا وبا کے دوران بہت سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی۔ بھارت میں انہیں ’مسیحا‘ کا لقب دیا گیا جس پر اداکار نے کتاب ’میں مسیحا نہیں ہوں‘ لکھی۔

سونو سود نے نہ صرف ایشوریا رائے بلکہ امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن کے ساتھ بھی متعدد فلموں میں کام کیا۔ امیتابھ بچن کے حوالے سے سونو سود کہتے ہیں کہ امیتابھ بچن ایک ڈیڈیکیٹڈ اداکار ہیں، شوٹنگ کے دوران وہ اکثر اپنی لائنوں کی ریہرسل کرتے رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔