معذور افراد اب اپنی سوچ استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹر چلا سکیں گے

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جولائی 2021
سنکرون کمپنی کا تیارکردہ اسٹینٹروڈ اس سال چھ مریضوں پر براہِ راست اور چار مریضوں پر بالراست آزمایا جائے گا (فوٹو: سنکرون کمپنی ویب سائٹ)

سنکرون کمپنی کا تیارکردہ اسٹینٹروڈ اس سال چھ مریضوں پر براہِ راست اور چار مریضوں پر بالراست آزمایا جائے گا (فوٹو: سنکرون کمپنی ویب سائٹ)

کیلیفورنیا: کسی بیماری، حادثے یا چوٹ کی صورت میں شدید معذور یا اپاہج ہونے والے افراد کے لیے امید کی ایک نئی کرن سامنے آئی ہے جس میں پہلی مرتبہ ان کی حالت بہتر بنانے کے لیے ایک دماغی پیوند نصب کیا جائے گا اور اسے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے آزمائش کی اجازت دے دی ہے۔

اسے سنکرون نامی امریکی کمپنی نے تیار کیا ہے جسے ’اسٹینٹروڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس سال کے آخر میں اس انقلابی پیوند کو دماغ کے اوپر رکھا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں اس کی اہمیت اور انسانوں کے لیے موزوں ہونے کے تمام مراحل کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ نیویارک میں واقع مشہور ماؤنٹ سینیائی ہسپتال اسے چھ مریضوں پر آزمائیں جو شدید معذوری اور اپاہج کی زندگی گزاررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس دوران ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک بھی اپنی ایجاد کی منظوری کے لیے سرتوڑ کوششیں کررہی ہیں لیکن سنکرون نے بظاہر میدان مارلیا ہے۔ ایف ڈی اے کا مؤقف ہے کہ کمپنی کسی طرح ثابت کرے کہ یہ جدید آلات کارآمد ہیں اور انسانوں کے لیے محفوظ یا بے ضرر ہیں۔ اس دوران ایف ڈی اے کے ماہرین ہرطرح کی رہنمائی فراہم کریں گے۔

لیکن اسی ایجاد اسٹینٹروڈ کو آسٹریلیا میں بھی چار مریضوں پر آزمایا جائے گا۔ اس تجربے میں دماغی کے موٹرکارٹیکس سے بعض ڈجیٹل آلات کو کنٹرول کرنے کا کام کیا جائے گا۔ اس طرح معذور افراد اپنی سوچ اور فکر سے کمپیوٹر کنٹرول کرتے ہوئے، ای میل بھیجنے یا وصول کرنے، ٹیکسٹ بھیجنے یا وصول کرنے، آن لائن شاپنگ اور بینکنگ کے کام کرسکیں گے۔

اگرچہ اس کی بہت تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں لیکن یہ طے ہے کہ تحقیقات کو ایک جرنل میں شائع کیا گیا ہے۔ اسٹینٹروڈ کے مطابق اس عمل میں مریض کو کم سے کم تکلیف ہوگی۔

گردن کے نیچے خون کی ایک نالی پر اس پیوند کو نصب کیا جائے گا۔ اس انقلابی ایجاد کو دماغی سگنل کی وسیع تعداد کو پکڑنے اورپڑھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ خون کی نالیوں کے سکڑاؤ اور پھیلاؤ کے تحت ازخود حرکت پاتا ہے اور خون کی دیگر نالیوں کا راستہ نہیں روکتا۔

سنکرون کے سربراہ تھامس آکسلے نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی آزمائش کے بہترین نتائج ظاہر ہوں گے اور اگلے پانچ برس تک بازار میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔