علامتی شرکت کے بعد بسمہٰ بھی خالی ہاتھ رخصت

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 31 جولائی 2021
50 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ ایونٹ کے81 شرکا میں 56 ویں نمبر پر اختتام۔ فوٹو : فائل

50 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ ایونٹ کے81 شرکا میں 56 ویں نمبر پر اختتام۔ فوٹو : فائل

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس پاکستانی سوئمر بسمہٰ خان بھی علامتی شرکت کے بعد خالی ہاتھ رخصت ہوگئیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی اولمپئن کرن خان کی چھوٹی بہن بسمہٰ نے 50میٹر فری اسٹائل ایونٹ میں حصہ لیا، وہ شریک 81 ایتھلیٹس میں سے 56 ویں پوزیشن پر رہیں، مجموعی طور پر ہیٹس میں انھوں نے انھوں نے اپنی بہترین پرفارمنس 27.78 پیش کی،وہ آخری کوالیفائر سوئمر سے محض 3.01 سیکنڈز پیچھے رہی تھیں۔

بسمہٰ خان ٹوکیو گیمز میں شریک 10 پاکستانی ایتھلیٹس میں پانچویں ایتھلیٹ ہیں جو ناقص کارکردگی پر اولمپکس گیمز سے باہر ہوئی ہیں۔بسمہ سے پہلے شاہ حسین شاہ، طلحہ طالب، ماحور شہزاد گلفام جوزف گیمز سے رخصت ہوچکے ہیں۔

اولمپکس مقابلوں میں اب یکم اگست کو  شوٹر خلیل اختر اور غلام بشیر 25میٹر ریپڈ فائر میں قابلیت کا مظاہرہ کریں گے۔4 اگست کو میڈل کی آخری امید ندیم ارشد جیولن تھرو میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ نجمہ پروین 200میٹر ریس میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔