امید ہے افغانستان میں قیام امن کیلیے پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا، امریکا

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جولائی 2021
انٹونی بلنکن بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں، فوٹو: فائل

انٹونی بلنکن بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں، فوٹو: فائل

نئی دہلی: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان پڑوسی ملک افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ پُرامن افغانستان پاکستان کے لیے بھی سود مند ہے۔ امید ہے کہ افغانستان میں پُرتشدد کارروائیوں اور خانہ جنگی میں کمی کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا۔

وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ پاکستان اب بھی افغان طالبان پر مؤثر اثر و رسوخ رکھتا ہے اور طالبان کو جنگ بندی اور مذاکرات پر  قائل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی نے ان خیالات کا اظہار بھارت کے 2 روزہ دورے پر بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ کے اردو ترجمان زید تارڑ نے بھی کہا تھا کہ افغانستان کے پڑوس ممالک امن کے لیے دہشت گردوں کی مدد نہ کریں، اس حوالے سے بھارت سے بھی بات کی ہے۔

زید تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ امریکا افغانستان کے تمام پڑوسی ممالک سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ سے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لفٹیننٹ جنرل فیض حمید امریکا کے دورے پر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔