سعودیہ جانے والا بھارتی طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جولائی 2021
پائلٹ کی حاضر دماغی نے طیارے کو بڑے حادثے سے بچایا، فوٹو: فائل

پائلٹ کی حاضر دماغی نے طیارے کو بڑے حادثے سے بچایا، فوٹو: فائل

کیرالہ: سعودی عرب جانے والے بھارتی مال بردار طیارے کو خوفناک حادثے کے پیش نظر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائی کمپنی انڈین ایکسپریس کا کارگو طیارہ تجارتی سامان لیکر سعودی عرب کے لیے روانہ ہوا تھا۔ طیارے میں پائلٹ سمیت عملے کے 8 ارکان موجود تھے۔

پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد پائلٹ کو طیارے کی ونڈ شیلڈ میں بال برابر لکیر کی موجودگی کا علم ہوا جس سے خدشہ تھا کہ دباؤ کے باعث فضا میں شیشہ ٹوٹ نہ جائے جس پر پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر طیارے کو ایئرپورٹ پر اتار لیا۔

طیارہ اور عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں۔ اُڑان سے قبل طیارے کی مکمل چیکنگ کے باوجود ونڈ اسکرین میں بال برابر چٹخنے کی لکیر کو نہ دیکھنے پر ایوی ایشن نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔

ایوی ایشن نے پائلٹ کی حاضر دماغی اور مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث پائلٹ نے طیارے کو بڑے حادثے سے بچالیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔