نہری پانی کی قلت کے خلاف مظاہرین نے قومی شاہراہ بلاک کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جولائی 2021
ایس ایس پی جعفرآباد احسن موسیٰ خیل اور ایری گیشن حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین نے قومی شاہراہ کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا۔(فوٹو:فائل)

ایس ایس پی جعفرآباد احسن موسیٰ خیل اور ایری گیشن حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین نے قومی شاہراہ کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا۔(فوٹو:فائل)

 

جعفرآبادمیں مظاہرین نے نہری پانی کی قلت کے خلاف قومی شاہراہ بلاک کردی، روڈ بندہونے کے باعث سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جعفر آباد کے علاقے جعفر آباد، نصیر آباد اور صحبت پور میں میں نہری پانی قلت کے خلاف نیشنل پارٹی کی کال پر سینکڑوں کاشتکار وں نے قومی شاہراہ کو زیرو پوائنٹ کے مقام پر بلاک کرکے احتجا جی مظاہرہ کیا،

قومی شاہراہ بند ہونے سے اندورن بلوچستان آنے والی اور بلوچستان سے اندرون ملک جانےوالی سینکڑوں مسافراور مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں جس سے مسافر وں کو شدید گرمی میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں قومی شاہراہ کوٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

مظاہرین سے نیشنل پارٹی کے عبدالرسول بلوچ، محمد نعیم کھوسہ، کامریڈ محمد رفیق کھوسہ، پیپلزپارٹی کے بلال خان عمرانی، جماعت اسلامی کے عبدالمجید بادینی، جمعیت علماءپاکستان کے عبدالمجید جتک، شہری اتحاد کے عبدالخالق کھوسہ، بلوچستان عوامی پارٹی کے سمندر خان عمرانی، جماعت قومی موومنٹ کے محمد عالم کھرل، بلوچستان نیشنل پارٹی احسان کھوسہ اور دیگر راہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پٹ فیڈر کینال، کیر تھر کینال اور شاہی کینال کے کمانڈ سے تقریب بارہ لاکھ زرعی زمین آباد ہوتی ہے جس سے لاکھوں کاشت کاروں کا روز گار وابستہ ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے نہری پانی کی قلت کے باعث لاکھوں زرعی زمینیں غیر آباد ہیں اور ان سے وابستہ لاکھوں کاشت کاروں کا روز گار ختم ہوچکاہے اور کاشت کاروں کے معاشی قتل پر حکمران بھی بے بس نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کے افسران ملی بھگت سے پانی کی قلت پیدا کرکے کاشت کاروں سے بھتہ لینے کو شش کررہے ہیں، انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کاشت کاروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لے اور زراعت کے افسران کے خلاف کارروائی کریں تاکہ کاشت کاروں کو نہری پانی مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ چند روز میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے سینکڑوں کاشت کار احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیں گے، تقریبا چھ گھنٹے تک قومی شاہراہ بلاک رہنے تک ایس ایس پی جعفرآباد احسن موسیٰ خیل اور ایری گیشن کے حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج موخر کرکے قومی شاہراہ کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔