3 ایف بی آر افسروں کوٹیکس محتسب کا نوٹس، کل طلب

ارشاد انصاری  اتوار 1 اگست 2021
اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے‘ محکمانہ انکوائریز کی رپورٹ بھی مانگ لی (فوٹو:فائل)

اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے‘ محکمانہ انکوائریز کی رپورٹ بھی مانگ لی (فوٹو:فائل)

اسلام آباد: وفاقی ٹیکس محتسب نے اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں ایف بی آر کے 3 افسروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل طلب کرلیا۔

وفاقی ٹیکس محتسب نے ٹیکس اہداف کے حصول کیلیے اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں ایف بی آر کے ماتحت ادارے کارپوریٹ ٹیکس آفس لاہور کی خاتون کمشنر ان لینڈ ریونیو فضا بتول، ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو بلال حسن اور اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو احمد اکمل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل طلب کرلیا۔

ٹیکس وکیل وحید شہزاد نے ان افسروں کیخلاف درخواست دائر کی تھی جس پر ٹیکس محتسب نے جون میں تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے5 جولائی تک جواب طلب کیا تھا تاہم ایف بی آر کی جانب سے مقررہ تاریخ کے بعد10 جولائی کو جواب داخل کرایا گیا۔

وفاقی ٹیکس محتسب نے  افسران کو دو اگست کو ہونیوالی سماعت میں خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کا کہا ہے جبکہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان افسران کے بارے میں اگر کوئی محکمانہ انکوائری یا کارروائی کی گئی ہے تو اسکا ریکارڈ بھی پیش جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔