آزاد کشمیراسمبلی میں 5 خواتین مخصوص نشستوں پر بلامقابلہ منتخب

ویب ڈیسک  اتوار 1 اگست 2021
تحریک انصاف مجموعی طور پر 29 نشستوں کے ساتھ اسمبلی میں سرفہرست ہے۔ فوٹو:فائل

تحریک انصاف مجموعی طور پر 29 نشستوں کے ساتھ اسمبلی میں سرفہرست ہے۔ فوٹو:فائل

 مظفر آباد: خواتین کی مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کی 3 اور پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ایک ایک سیٹ حاصل کرلی۔ 

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں، تحریک انصاف  اسمبلی میں خواتین کی 3 مخصوص نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، جب کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے بھی خواتین کی ایک ایک  نشست حاصل کر لی ہے۔ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی5امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

خواتین کی پانچ مخصوص نشستوں پر دس امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے تھے۔ پانچ خواتین امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے تھے ۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی امتیاز نسیم، صبیحہ صدیق، تقدیس گیلانی، پیپلزپارٹی کی نبیلہ ایوب اور مسلم لیگ ن کی نثاراں عباسی کو بلا مقابلہ کامیاب قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں پی ٹی آئی نشستوں کی کل تعداد 29 ہو گئی ہے،  پیپلزپارٹی  12 نشستوں کے ساتھ دوسرے جب کہ مسلم لیگ ن 7 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ جے کے پی پی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے۔ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے  چوہدری یاسین نے دو نشستوں سے کامیابی حاصل کی ہے، اور انہیں ایک نشست چھوڑنا پڑے گی جس پر ضمنی انتخاب ہوگا، اس طرح خواتین کی ایک اضافی سیٹ حاصل کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی کے پاس مجموعی پر 11 نشستیں ہی رہیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔