متحدہ عرب امارات کی پاکستان سمیت ایشیائی ممالک پر سفری پابندی میں پھر توسیع

ویب ڈیسک  اتوار 1 اگست 2021
پابندی میں 7 اگست تک توسیع کی گئی ہے، فوٹو: فائل

پابندی میں 7 اگست تک توسیع کی گئی ہے، فوٹو: فائل

ابو ظبی: متحدہ عرب امارات نے ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا پر عائد سفری پابندیوں میں 7 اگست تک توسیع کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلادیش سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں ایک بار پھر توسیع کردی جو 7 اگست تک نافذالعمل رہے گی۔ سفری پابندی میں توسیع کورونا کی بھارتی قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث کی گئی۔

ان ممالک سے آنے والی پروازوں کے علاوہ ایسے مسافروں کے بھی متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جنھوں نے پاکستان، بھارت، بنگلادیش یا سری لنکا کا 14 دن کے اندر دورہ کیا ہو اور اب ان ممالک کے علاوہ کسی اور ملک سے امارات آنا چاہتے ہیں۔

تاہم اماراتی شہریوں، اماراتی گولڈن ویزہ رکھنے والے غیرملکی اور سفارتی مشن کے افراد کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ جن لوگوں کی پروازیں معطل ہوئی ہیں ان کے ٹکٹس پرواز کی بحالی تک قابل استعمال رہپں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سعودی عرب کا پاکستان کے عمرہ زائرین پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ 

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے بھارت سے پروازوں پر پابندی 24 اپریل جب کہ دیگر ایشیائی ممالک کی پروازوں پر پابندی 13 مئی کو عائد کی تھی جن میں مسلسل توسیع کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔