ایرانی جارحیت دنیا بھر کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہے، اسرائیلی وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 2 اگست 2021
تیل بردار جہاز پر حملہ خود اسرائیل نے کیا جس کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں، ایرانی وزارت خارجہ

تیل بردار جہاز پر حملہ خود اسرائیل نے کیا جس کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں، ایرانی وزارت خارجہ

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کا کہنا ہے کہ ایرانی جارحیت دنیا بھر کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کہا کہ ایران سے ایک بار پھر دنیا بھر کے امن کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں تاہم ہم اکٹھے ہوکر ایرانی جارحیت کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور جتنا ہم ایک ساتھ کھڑے ہوں گے یہ اتنا ہی ہمارے لیے فائدہ مند ہوگا۔

اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کا کہنا تھا کہ ایران پہلے سے ہی اسرائیلی اہداف پر نظر رکھے ہوئے تھا اور ان کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، ایران نے جہاز کو ڈرون سے نشانہ بنایا تاہم اس میں برطانوی رومانیہ کے شہری ہلاک ہوئے، اور اب ایران حملے کی ذمہ داری سے بچنے کی بزدلانہ کوششوں میں مصروف ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : خلیج عمان میں اسرائیلی کمپنی کے آئل ٹینکر پر حملہ، 2 افراد ہلاک

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے تیل بردار جہاز پر حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ خود اسرائیل نے کیا جس کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔