عاصم سلیم باجوہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے سے مستعفی

ویب ڈیسک  منگل 3 اگست 2021
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عاصم سلیم باجوہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے استعفی کی تصدیق کی ہے۔

اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عاصم باجوہ اب سی پیک کے معاملات کو نہیں دیکھیں گے، عاصم باجوہ کی خدمات پر میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے سی پیک کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسد عمر نے کہا کہ اب عاصم سلیم باجوہ کی جگہ خالد منصور کو سی پیک افیئرز کے لیے معاون خصوصی برائے وزیراعظم کا عہدہ دیا جارہا ہے ہم انہیں اس عہدے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں، ان کا کارپورٹ سیکٹر کا وسیع تجربہ، چینی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنا اور سی پیک کے کچھ بڑے پروجیکٹس میں براہ راست شمولیت انہیں سی پیک کے اگلے مرحلے کی قیادت کے لیے آئیڈیل شخصیت قرار دیتی ہے۔

اپنے ٹویٹ میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ مجھے سی پیک اتھارٹی کو چلانے کا موقع ملا، سی پیک اتھارٹی نے ون ونڈو سے اس کی سمت کا بھی تعین کردیا، وزیراعظم اور حکومت کی مکمل حمایت کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔

انہوں ںے مزید کہا کہ میری نیک تمنائیں خالد منصور کے ساتھ ہیں جو سی پیک کو آگے لے جائیں گے، انشا اللہ سی پیک سے پاکستان ترقی یافتہ ملک بن جائےگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔