وزیراعظم پورٹل پر اوورسیز خاتون کی شکایت پر کارروائی، مکان کا قبضہ چھڑوا لیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 4 اگست 2021
پی ٹی آئی کے صداقت عباسی کے سسر اور سالے کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا (فائل فوٹو)

پی ٹی آئی کے صداقت عباسی کے سسر اور سالے کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا (فائل فوٹو)

 راولپنڈی: وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر اوورسیز پاکستانی خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے خاتون کے مکان کا قبضہ چھڑوا لیا ہے۔

اوورسیز پاکستان خاتون نے سیٹزن پورٹل پر مکان پر قبضے کی شکایت درج کرائی تھی جس پر اسسٹنٹ کمشنر مری اقبال سنگھیڑا نے نشاندہی کروا کر قبضہ خاتون کے حوالے کر دیا۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے ایم این اے صداقت عباسی کے سسر راجہ حنیف اور سالے ارسلان حنیف نے قبضہ چھڑوانے کے دوران عملے سے مزاحمت کی، ملزمان نے نشاندہی کرانے والی اوورسیز پاکستانی خاتون پر تشدد کی کوشش بھی کی۔

پولیس نے صداقت عباسی کے سسر اور سالے سمیت دیگر پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق مری میں حاجرہ نامی خاتون کے مکان کو راجہ حنیف نے گرا دیا تھا۔ دستیاب میٹریل پر حاجرہ بی بی کی جانب سے چار دیواری بنا دی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔