جائیداد کے لالچ میں باپ کو قتل کرنے کے الزام میں بیٹا گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 6 اگست 2021
پولیس نے تمام شواہد کی روشنی میں مقتول کے بیٹے ملزم عجب خان کو گرفتار کرلیا
 (فائل فوٹو)

پولیس نے تمام شواہد کی روشنی میں مقتول کے بیٹے ملزم عجب خان کو گرفتار کرلیا (فائل فوٹو)

 کراچی: ویسٹ زون انویسٹی گیشن پولیس نے جائیداد ہتھیانے کے لالچ میں باپ کو قتل کرنے کے الزام میں بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ عابد قائمخانی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 3 جولائی کی رات کو سرجانی ٹائون کے علاقے زیرو پوائنٹ سے 50 سالہ زرم خان کی سر کچلی ہوئی لاش ملی تھی قتل کے واقعے کو بیٹے نے ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔ ملزم نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا تھا کہ اس کے والد کو نامعلوم ملزمان نے پتھر مار مار کر قتل کیا تھا۔

تاہم دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مدعی مقدمہ نے ایف آئی آر میں اپنا غلط نام لکھوایا جبکہ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو اس کے بیٹے عجب خان نے اپنے دوست کے ساتھ ملکر قتل کیا جو کہ جائیداد ہتھیانا چاہتا تھا۔

پولیس نے تمام شواہد کی روشنی میں مقتول کے بیٹے ملزم عجب خان کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دوست ریاض کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔