لاہورمیں نامزد صوبائی وزیر کے بیٹے کی شادی میں فائرنگ، بھائی ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 6 اگست 2021
شادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت صوبائی وزرا اور اہم شخصیات شریک تھیں، ذرائع (فائل فوٹو)

شادی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت صوبائی وزرا اور اہم شخصیات شریک تھیں، ذرائع (فائل فوٹو)

 لاہور: ڈیفنس میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا بھائی اسد کھوکھر جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران دو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسد کھوکھر کا بھائی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

شادی کی تقریب میں دیگر مہمانوں سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزرا اور اہم شخصیات شریک تھیں۔ تقریب میں مزید مہمانوں کو آمد سے روک دیا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خیریت سے ہیں اور اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں، حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی، وزیراعلیٰ کے سیکیورٹی عملے نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا، بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جس کا نام ناظم ہے وہ مانا والا کا رہائشی ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جس کا نام عمر مظہر ہے۔

گرفتار ملزم کا بیان

گرفتار ملزم ناظم نے پولیس کو اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ اپنے چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ملک گوگا کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔

وزیراعلیٰ کا نوٹس، واقعے کی تحقیقات کا حکم

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات اور گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری جائے، غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔