دائیں بازوں کی جماعتیں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں رکاوٹ ہیں، بلاول

اسٹاف رپورٹر / خبر ایجنسیاں  اتوار 8 اگست 2021
چیئرمین پیپلزپارٹی آج کوئٹہ پہنچیں گے، ثنااﷲ زہری ودیگر کی شمولیت متوقع، تسنیم نواز گردیزی کے انتقال پر تعزیت (فوٹو: فائل)

چیئرمین پیپلزپارٹی آج کوئٹہ پہنچیں گے، ثنااﷲ زہری ودیگر کی شمولیت متوقع، تسنیم نواز گردیزی کے انتقال پر تعزیت (فوٹو: فائل)

کراچی / کوئٹہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھاندلی کے نتیجے میں ملک پر مسلط کی جانے والی دائیں بازو کی جماعتیں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں رکاوٹ رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کوئٹہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا سانحہ کوئٹہ ہماری ملکی تاریخ کے بدترین و تاریک واقعات میں سے ایک ہے اور بلوچستان کے باشعور افراد کے خلاف گھناوَنی سازش تھا۔ 8 اگست 2016کو کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں 56 وکلا سمیت 73 افراد ہلاک ہوئے، ان  کا غم اور کرب آج بھی تازہ ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھاندلی کے نتیجے میں ملک پر مسلط کی جانے والی دائیں بازو کی جماعتیں جسٹس فائز عیسیٰ تحقیقاتی کمیشن کی سفارشات سمیت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں رکاوٹ رہی ہیں۔ اب بھی وقت ہے، عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشت گردی و انتہاپسندی کو حقیقی معنوں میں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جائے۔

دریں اثنا بلاول بھٹو آج (اتوار کو) کوئٹہ کا ایک روزہ دورہ کریں گے،  وہ جتک ہاؤس آصف آباد میں ایک تقریب سے خطاب کریں گے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلی بلوچستان ثنااللہ زہری اور سابق وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ اور دیگر آج (اتوار) پی پی میں شمولیت اختیار کریں گے،شمولیت کاباضابطہ اعلان جلسے میں کیاجائے گا۔

علاوہ ازیں  پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر  صغیر قریشی نے کراچی میں بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو  نے کہا امید ہے صغیر احمد قریشی آئندہ انتخابات میں پارٹی کو حیدرآباد میں ناقابلِ شکست بنانے کے لئے کارکنوںکو ساتھ ملا کر کام کریں گے۔

مزید بر آں بلاول بھٹو زرداری نے سابق وفاقی وزیر تسنیم نواز گردیزی کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔