بھارتی حکومت ودیا بالن کو پدم شری ایوارڈ سے نوازے گی

شوبز ڈیسک  پير 27 جنوری 2014
تامل، ہندی، تیلگواور کناڈا فلموں میں لازوال اداکاری کا مظاہرہ کرنیوالے اداکار وہدایتکار کمل ہاسن اور کلاسیکل گلوکارہ بیگم پروین سلطانہ کو پدم بھوشن ایوارڈ دیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

تامل، ہندی، تیلگواور کناڈا فلموں میں لازوال اداکاری کا مظاہرہ کرنیوالے اداکار وہدایتکار کمل ہاسن اور کلاسیکل گلوکارہ بیگم پروین سلطانہ کو پدم بھوشن ایوارڈ دیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

ممبئی: نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ ودیا بالن کو پدما شری ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ اداکارہ ودیا بالن جوفلم ’’پا‘‘، ’’عشقیہ‘‘، ’’نو وَن کِلڈ جیسکا‘‘، ’’دی ڈرٹی پیکچرز‘‘ اور ’’کہانی‘‘ میں اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں، کو بھارت کے چوتھے سب سے بڑے سول ایوارڈ پدما شری ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اس سلسلہ میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جانا میرے لیے بہت فخر کی بات ہے۔ میں اسے اپنے خاندان کے نام کرتی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جیسے ہی علم ہوا کہ مجھے پدما شری ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے تو میں بہت زیادہ خوش ہونے کے ساتھ ساتھ پرجوش ہوگئی اور مجھے ایسا لگا کہ میں ہوائوں میں اڑ رہی ہوں۔ اس کے باوجود میں یہ نہیں بتا سکتی کہ میری کیا محسوسات ہیں کیونکہ مجھے یہ سب کچھ بیان کرنے کے لیے کوئی الفاظ نہیں مل رہے ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے ملک کی طرف سے یہ اعزاز حاصل کرنا میرے لیے بہت بڑے فخر کی بات ہے اور میں اس اعزاز کو اپنے خاندان کے نام وقف کرتی ہوں جس نے مجھے بنایا ہے۔

ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق 190 سے زائد تامل ہندی تیلگو، کناڈا اور تامل فلموں میں اپنی لازوال اداکاری کا مظاہرہ کرنے والے اداکار و ہدایتکار کمل ہاسن اور پٹیالہ گھرانے سے تعلق رکھنے والی کلاسیکل گلوکارہ 63 سالہ بیگم پروین سلطانہ کو رواں برس کے لیے پدما بھوشن ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔ ادھر اطلاعات کے مطابق بالی وڈ اداکارہ کو ہدایتکار موہت سوری نے اپنی فلم’’ہماری ادھوری کہانی‘‘ کے لیے سائن کر لیا ہے۔ وشیش فلمز اور فاکس اسٹار اسٹوڈیوز کے اشتراک سے بنائی جانے والی اس فلم میں ودیا بالن کے ساتھ عمران ہاشمی اور راج کمار رائو مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فلم کی پری پروڈکشن کا کام جاری ہے اور اسے رواں برس 7نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جا رہا ہے۔

 photo 1_zps72d04637.jpg

اداکارہ کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا ہے کہ میں کئی سال سے لگاتار اور نان اسٹاپ کام میں مصروف ہوں اور اپنی کامیابی کے موجودہ دور سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور یہاں اپنا اثر قائم رکھنے کے لیے مسلسل کئی سال سے بغیر کسی وقفے سے کام میں مصروف ہوں اور دن رات ایک سے دوسرے اسٹوڈیوکی طرف آتی جاتی رہتی ہوں۔ فلم ’’کہانی‘‘ کی ریلیز کے 15 ماہ بعد ’’ہماری ادھوری کہانی‘‘ میں کام کرنے کے سوال پر ودیا کا کہنا تھا کہ میں ہر صورت میں بالی ووڈ میں رہنے کے لیے فلمیں کرتی رہوں گی اور جب بھی اسکرین پر نظر آئوں تو کچھ جادو ضرور ہوگا۔ ادھر اداکارہ کی فرحان اختر کے ساتھ فلم ’’شادی کے سائیڈ ایفکٹس‘‘ کی شوٹنگز آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ فلم کی تشہری مہم بھی جاری ہے۔

2006ء میں ریلیز ہونے والی فلم’’پیار کے سائیڈ ایفیکٹس‘‘ کے سیکوئل کی ہدایات شکیت چوہدری دے رہے ہیں جب کہ فلم میں رام کپور، ویر داس اور ہری ہرن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم کا پہلا گانا ’’ہیری از ناٹ برہمچاری‘‘ جو فلم کے ہیرو فرحان اختر اور ہیروئن ودیا بالن پر عکسبند کیا گیا ہے، کی وڈیو بھی گزشتہ دنوں جاری کر دی گئی ہے۔ امیتابھ بھٹہ چاریہ کے تحریر کردہ گانے کا میوزک پریتم نے ترتیب دیا ہے جب کہ اسے جاز بی اور عشق بیکٹر کے آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اپنی اس فلم کے متعلق اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ فلم دیکھنے والون کے لیے ایک تحفہ ہے۔ میں اپنی اس فلم میںا یک ایسے کردار میں جلوہ گر ہو رہی ہوں جو اس سے قبل سینما اسکرین پر نہیں دکھایا گیا ہے۔ ودیا بالن کا کہنا تھا کہ ’’شادی کے سائیڈ ایفیکٹس‘‘ ایک ایسے جوڑے کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ہے جو لو میرج کے بعد مختلف مسائل کا شکار ہو جاتا ہے اور ان سے نمٹنے کی کوشش کرتا ہے۔ کامیڈی سے بھر پور یہ فلم شائقین کو بہت پسند آئے گی۔

دوسری طرف ودیا بالن فلمساز و اداکارہ دیامرزا کی فلم ’’بوبی جاسوس‘‘ میں بھی جلوہ گر ہورہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم کی شوٹنگز بھی ان دنوں آخری مراحل میں ہیں۔ اس فلم میں ودیا ایک جاسوس حسینہ کا کردار ادا کر رہی ہیںاور گزشتہ برس کے آخری ایام میں اداکارہ کی حیدرآباد اسٹیشن کے قریب بھکاری کے روپ میں شوٹنگز کرواتے ہوئے تصاویر بھی میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔ ثمر شیخ کی ہدایتکار میں بنائی جانے والی اس فلم میں ودیا کے ساتھ علی فضل، انوپریا کپور، ارجن باجوہ، سپریا پاٹھک، تانوی عظمی، آکاش دھیا، راجندرا گپتا، کرن کمار اور انکیتا رائے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سنتوش میترا کے میوزک سے سجی فلم ’’بوبی جاسوس‘‘ اسی برس کے دوران ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔