بینک آسان قرضوں اور جدید بینکنگ پر توجہ دیں، وزیر خزانہ

بزنس رپورٹر  بدھ 18 اگست 2021
جولائی 2021ء میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری جولائی 2020ء کے مقابلے میں 30 فیصد کمی سے 9 کروڑ ڈالر رہی (فوٹو: فائل)

جولائی 2021ء میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری جولائی 2020ء کے مقابلے میں 30 فیصد کمی سے 9 کروڑ ڈالر رہی (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ طویل المیعاد اقتصادی خوشحالی اور نمو کے لیے بینک کو قرضہ دینے کی دانش مندانہ پالیسی، کھاتوں پر قابو پانے اور مختلف نوعیت کی جدید بینکنگ خدمات پر توجہ دینا ہوگی۔

یہ بات انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر شہباز جمیل سے ملاقات میں کہی۔ زرعی ترقیاتی بینک کے صدر نے وزیر خزانہ کو30 جون 2021ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں بینک کے منافع میں اضافے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 4 سال کے بعد بینک نے منافع کمایا ہے۔

انہوں نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم مشاورتی کمیٹی کی رہنمائی میں بینک میں اصلاحات کے عمل میں رہنمائی کی تائید کرتے ہوئے وزیر خزانہ کو بینک کے آپریشنز کو پائیدار بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے ملک میں زراعت کے فروغ اور زرعی پیداوار میں اضافہ کے لیے زرعی ترقیاتی بینک کی انتظامیہ کو بینک کے خصوصی آپریشنز کو فعال اور موثر بنانے کے لیے ٹھوس کوششوں کی ہدایت دی۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ طویل المعیاد اقتصادی خوشحالی اور بڑھوتری کے لیے بینک کو قرضے دینے کی دانش مندانہ پالیسی، کھاتوں پر قابو پانے اور مختلف نوعیت کی جدید بینکنگ خدمات پر توجہ دینا ہوگی۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ کووڈ کی وبا نے سودوں کے حجم میں اضافے کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی اہمیت اجاگرکی ہے، زیڈ ٹی بی ایل ملک میں زرعی قرضوں کے حوالے سے بڑا بینک ہے جو ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے چھوٹے اور غریب کاشت کاروں کو رعایتی قرضے دے رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے بینک کے معاملات کو احسن انداز میں چلانے کے لیے بینک کے صدر کو مکمل معاونت کی بھی یقین دہانی کروائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔