ہاکی،حکومت سے مالی امداد کے لیے ’’نئی اپیل‘‘

اسپورٹس رپورٹر  منگل 28 جنوری 2014
 ڈیرھ سال سے کھلاڑی بھی سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہیں۔صدر۔  فوٹو: فائل

ڈیرھ سال سے کھلاڑی بھی سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہیں۔صدر۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک بار پھر حکومت سے مالی امداد کی اپیل کر دی، صدراختر رسول کا کہنا ہے کہ 10 فروری تک قومی ٹیم کا کیمپ نہ لگا تو اذلان شاہ کپ میں شرکت ممکن نہیں ہوسکے گی۔

سیکریٹری رانا مجاہد علی کے مطابق وفاقی وزیر آئی پی سی ریاض حسین پیرزادہ سے کہہ دیاکہ فنڈز کے بغیر قومی کھیل کے معاملات کو احسن طریقے سے چلانا ممکن نہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ ایف کی نئی انتظامیہ کو مالی مسائل کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف قومی ٹیم کی انٹرنیشنل ایونٹس میں سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ  ڈیرھ سال سے کھلاڑی بھی سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہیں۔گذشتہ روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف اختر رسول نے کہا کہ فنڈز کی اشد ضرورت ہے تاکہ ڈومیسٹک کے ساتھ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ٹورنامٹنس میں شریک کرایا جا سکے۔

 photo 8_zps3e0c1b4d.jpg

انھوں نے کہا کہ پاک بھارت ٹیموں کے درمیان زیادہ سے زیادہ مقابلوں سے ہی خطے میں کھیل کو عروج پر پہنچایا جا سکتا ہے، اختر رسول نے کہا کہ ہاکی انڈیا سے بات چیت کامیاب رہی،بلو شرٹس مارچ میں ہمارے سونے گرائونڈز آباد کریں گے، دوسرے مرحلے میں گرین شرٹس بھارت کھیلنے کیلیے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکریٹری فیڈریشن رانا مجاہد نے کہا کہ فنڈز کی شدید کمی کی وجہ سے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت سوالیہ نشان بنتی جا رہی ہے، وفاقی وزیر آئی پی سی ریاض حسین پیرزادہ سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں انھیں بتا دیا کہ پاکستان میں کوئی انٹرنیشنل ٹیم آنے کو تیار نہیں، ایسے میں تمام بین الاقوامی ہاکی سرگرمیاں دیار غیر میں ہی مکمل کرنا پڑتی ہیں جو فنڈز کے بغیر ممکن نہیں۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ 4،5سال میں پاکستان ہاکی کی ترقی کے لیے جو اقدامات کیے گئے انھیں جاری رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔