لاہور میں چنگچی میں بیٹھی لڑکی سے اوباش نوجوان کی غیراخلاقی حرکت

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اگست 2021
آئی جی پنجاب نے رکشہ سوار خواتین کیساتھ  دست درازی کے واقعے کا نوٹس لے لیا

آئی جی پنجاب نے رکشہ سوار خواتین کیساتھ دست درازی کے واقعے کا نوٹس لے لیا

 لاہور: لاہور میں 14 اگست کی رات کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں چنگچی میں بیٹھی لڑکی کے ساتھ اوباش نوجوان غیراخلاقی حرکت کرکے بھاگ جاتا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں 14 اگست کے دن گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر لڑکی کے واقعے کے بعد ایک اور لڑکی سے اوباش نوجوان کی نازیبا حرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 14 اگست والے دن چند نوجوان موٹرسائیکلز پر مٹرگشت کے ساتھ ساتھ ہلڑ بازی کررہے ہیں اور ایک نوجوان اپنے سامنے چنگچی رکشے میں موجود لڑکیوں کی ویڈیو بھی بنارہا ہے اس دوران ایک اور نوجوان بھاگتا ہوا چنگچی رکشے کی طرف آتا ہے اور لڑکی کا بوسہ لے کر بھاگ جاتا ہے۔

اس دوران شاہراہ پر موجود دیگر لڑکوں نے بھی لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی کوشش کی تاہم چنگچی میں ہی موجود دوسری لڑکی نے فوراً اپنی چپل اتار کر انہیں مارنے کے لیے آگے بڑھائی جس سے وہ نوجوان پیچھے ہٹ گئے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب نے رکشہ سوار خواتین کے ساتھ اوباش نوجوان کی دست درازی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پنجاب نے سیف سٹی کیمروں مدد سے ملزم کی شناخت کا عمل فوری شروع کرنے کا حکم          دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔