ملک میں مزید 3084 افراد کورونا کا شکار، 65 مریض جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اگست 2021
ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 89 ہزار 44 ہے فوٹو: فائل

ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 89 ہزار 44 ہے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک میں گزشتہ روزمزید 3084 افراد کورونا کا شکار ہوگئے ہیں جب کہ 65 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 53 ہزار 770 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3084 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 5.73 فیصد رہی۔

ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز 11 لاکھ 19 ہزار 970 ہوگئی ہے جن میں سے 10 لاکھ 6 ہزار 78 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں۔
گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 65 مصدقہ مریض انتقال کرگئے ہیں ، اس طرح اس وبا سے لقمہ اجل بننے والوں کی مصدقہ تعداد 24 ہزار 848 ہوگئی ہے۔

ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 89 ہزار 44 ہے جو اپنے گھروں ، خصوصی مراکز یا اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ان میں سے 5 ہزار 151 کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔