کورونا مریضوں میں اضافہ؛ ایوب ٹیچنگ اسپتال ایبٹ آباد میں طبی سامان کم پڑگیا

شاہدہ پروین  ہفتہ 21 اگست 2021
ایوب ٹیچنگ اسپتال میں مریضوں کے مقابلے میں طبی سامان کی کمی کا سامنا ہے فوٹو: فائل

ایوب ٹیچنگ اسپتال میں مریضوں کے مقابلے میں طبی سامان کی کمی کا سامنا ہے فوٹو: فائل

 پشاور: ایوب ٹیچنگ اسپتال ایبٹ آباد میں کورونا کے مریضوں میں شدید اضافے پر طبی سامان کم پڑگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایبٹ آباد کے سب سے بڑے اسپتال ایوب ٹیچنگ اسپتال کے مختلف شعبہ جات میں مریضوں کی بڑی تعداد داخل ہے اور اسپتال میں مریضوں کے مقابلے میں طبی سامان کی کمی کا سامنا ہے۔ جس پر انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سے آکسیجن سلینڈرز سمیت 14 اقسام کے طبی آلات و ضروری سامان مانگ لیا ہے۔

ایوب ٹیچنگ اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں حالیہ کورونا کی چوتھی لہر میں مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس وقت اسپتال میں کورونا کے 177 مریض داخل ہیں جن میں 90 فیصد ہائی فلو آکسیجن پر ہیں۔ اس صورتحال میں ہم اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش کی حد تک آگئے ہیں۔ لہذا اب مریضوں کے لئے مزید بیڈز اور دیگر انتظامات کے لئے ہمیں ایمرجنسی بنیادوں پر ضروری طبی سامان کی ضرورت ہے جو ہمیں جلد مہیا کیا جائے۔

اسپتال سے دی جانے والی فہرست میں ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں کے لئے آکسیجن کنسٹریشن 15 لیٹر 50 عدد، چھوٹے و بڑے آکسیجن سلینڈرز 100، بائی پیپ 50، بائی پیپ ماسک 100، مانیٹرز 50، پلس آگزمیٹرز 100، فلو میٹر 500، آکسیجن جنریشن پلانٹ 1 عدد، آکسیجن پائپ کاپر 5۔1 انچ 1000 فٹ ، آکسیجن پائپ کاپر 2 انچ 500 فٹ، پریشر ریگولیٹرز 50 اور 2 پورٹیبل ایکسرے مشینیں مانگی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔