نیوزی لینڈ، انگلینڈ کے دورے سے پہلے سیکیورٹی ماہرین پاکستان پہنچ گئے

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 اگست 2021
ڈیوڈ اسنیئر اور ریگ ڈیکسن اپنی رپورٹس انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بورڈ کو دیں گے  فوٹو: فائل

ڈیوڈ اسنیئر اور ریگ ڈیکسن اپنی رپورٹس انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بورڈ کو دیں گے فوٹو: فائل

 لاہور: نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے دورہ پاکستان سے پہلے سکیورٹی ماہرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ذرائع کےمطابق سیکیورٹی ماہر ڈیوڈ اسنیئر لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ دوسرے سیکیورٹی ایکسپرٹ ریگ ڈیکسن کی اتوار کی صبح آمد طے ہے۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈز نے دونوں سکیورٹی ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ سکیورٹی ماہرین پیر سے کام شروع کرکے لاہور اور پنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے۔ غیرملکی سیکیورٹی ماہرین کی پنجاب اور فیڈرل سکیورٹی حکام سےملاقاتیں بھی ہوں گی۔

ڈیوڈ اسنیئر اور ریگ ڈیکسن اپنی رپورٹس انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بورڈ کو دیں گے، ان رپورٹس کی روشنی میں دونوں بورڈز اپنی ٹیموں کی دورہ پاکستان کے لیے تصدیق کریں گے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی گیارہ ستمبر کو پاکستان آمد کا شیڈول جاری کیا جاچکا ہے، وہ تین ون ڈے راولپنڈی اور پانچ ٹی ٹوئنٹی لاہور میں کھیلے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم کے تیرہ اور چودہ اکتوبر کو راولپنڈی میں میچز رکھے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔