کے پی کی حکومتی ٹیم میں نئے وزراء، مشیراورمعاونین خصوصی شامل کرنے کی تیاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اگست 2021
کابینہ اور حکومتی ٹیم میں ایک سابق وزیر جب کہ 3 نئے چہرے شامل ہوں گے۔ فوٹو:فائل

کابینہ اور حکومتی ٹیم میں ایک سابق وزیر جب کہ 3 نئے چہرے شامل ہوں گے۔ فوٹو:فائل

پشاور: خیبر پختون خوا کابینہ وحکومتی ٹیم میں نئے وزراءومشیراورمعاونین خصوصی شامل کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختون خوا کی حکومتی ٹیم میں نئے وزراء، مشیراورمعاونین خصوصی شامل کرنے کی تیاری ہوگئی ہے اور اس حوال سے  وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز ملاقات میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کو گرین سگنل دے دیا ہے۔

کابینہ اور حکومتی ٹیم میں ایک سابق وزیر جب کہ 3 نئے چہرے شامل ہوں گے، جن کی حلف برداری آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے، نئے وزراء اور حکومتی ٹیم میں ممکنہ طور پر شامل کیے جانے والے افراد کے حوالے سے خبر ہے کہ ان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، پشاور اور نوشہرہ سے ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان سے فیصل امین گنڈا پور پہلے ہی حلف اٹھا چکے ہیں، تاہم انہیں تاحال کسی بھی محکمہ کا چارج حوالے نہیں کیا گیا ہے۔ جب کہ ذرائع نے بتایا کہ دو وزراء سے اضافی چارج واپس لینے کے علاوہ سوات سے تعلق رکھنے والے ایک وزیر سے وزارت واپس لینے کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دو صوبائی وزراء ہشام انعام اللہ اور اکبر ایوب خان کو ان کے عہدوں سے فارغ کیا گیا تھا، جب کہ مشیروں میں قلندر لودھی، ضیاءاللہ بنگش اور حمایت اللہ خان مستعفی ہوئے جن کے ہمراہ معاون خصوصی غازی غزن جمال نے بھی استعفیٰ دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔