’را‘ کے سابق سربراہ کی افغانستان سے متعلق بڑھکوں کی پرانی ویڈیو سامنے آگئی

ویب ڈیسک  اتوار 22 اگست 2021
بھارت نے عالمی طاقتوں سے نہ صرف مسلسل جھوٹ بولا بلکہ انہیں مس گائیڈ بھی کیا۔ فوٹو:فائل

بھارت نے عالمی طاقتوں سے نہ صرف مسلسل جھوٹ بولا بلکہ انہیں مس گائیڈ بھی کیا۔ فوٹو:فائل

نئی دلی / کابل: بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ اجیت دوول کی پرانی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ افغان نیشنل آرمی کو غلط مشورے اور جھوٹے اندازے بتارہا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ اجیت دوول دونوں افغانستان میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں، جب کہ پاکستان کا افغان فورسز کے حوالے سے بیان حرف بہ حرف سچ ثابت ہورہا ہے۔

بھارتی ایجنسی ’را‘ کے سابق سربراہ اجیت دوول کی 2013 میں بنائی گئی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ بھونڈی حکمت عملی جھاڑتے نظر آرہا ہے، اور کہہ رہا ہے کہ پاک فوج کے 15 سے 20 جنرلز میں سے کسی سے بھی پوچھ لیں، ہر کوئی ایک بات کرے گا کہ افغان نیشنل آرمی میں افغانستان سنبھالنے کی اہلیت نہیں، میں  پاکستان کی ان باتوں کو نہیں مانتا، افغان فورسز کو بہترین ہتھیاروں سے مسلح کیا گیا ہے اور انہیں زبردست تربیت دی جا رہی ہے۔

https://twitter.com/SlamWinder/status/1428679033458462724

بھارت اور بھارتی ایجنسی کے سابق سربراہ اجیت دوول مغرب اور افغانستان کو غلط اندازے بتاتے رہے، ان کے غلط مشوروں کی وجہ سے آج افغانستان ان کے لیے قیامت کا منظر پیش کر رہا ہے، انہی کے غلط اندازوں نے مغرب کو افغانستان میں آج یہ دن دکھایا۔

آج بھارت اور مغرب کو پاکستان کے حقیقت پر مبنی مشورے یاد آرہے ہوں گے لیکن اب تو چڑیاں کھیت چٗگ چکی ہیں، اور بھارت اور امریکا کی تربیت یافتہ بہترین افغان نیشنل آرمی نے طالبان کو پلیٹ میں رکھ کر افغانستان دے دیا ہے۔ بھارت نے عالمی طاقتوں سے نہ صرف مسلسل جھوٹ بولا بلکہ انہیں مس گائیڈ بھی کیا، وقت آگیا ہے کہ اب مغرب اور افغان بھارت سے جواب طلب کریں۔ اس وقت اجیت دوول بھارتی وزیراعظم نریندرامودی کا قومی سلامتی مشیر ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔