بگ تھری کی اجارہ داری کیخلاف آواز بلند کرنے پربھارت اورآسٹریلیا ذکااشرف پر چڑھ دوڑے

ویب ڈیسک  منگل 28 جنوری 2014
اگر سخت رویہ اختیار کیا تو اسی طرح جواب دیا جائے گا، ذکا اشرف کی بھارتی اور آسٹریلین ہم منصب کو وارننگ  فوٹو؛فائل

اگر سخت رویہ اختیار کیا تو اسی طرح جواب دیا جائے گا، ذکا اشرف کی بھارتی اور آسٹریلین ہم منصب کو وارننگ فوٹو؛فائل

دبئی: انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے دوران بگ تھری کی اجارہ داری کے خلاف آواز بلند کرنے پربھارت اورآسٹریلیا پی سی بی کے چیرمین پر چڑھ دوڑے جب کہ ذکا اشرف نے دونوں ارکان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف جس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے ہم بھی اس کا جواب دینے کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دبئی میں اجلاس کےدوران بھارتی بورڈ کے سربراہ سری نواسن اور آسٹریلیا کے جیمز سدر لینڈ نے پاکستان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کاکہناتھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لابنگ کر کے دوسرے رکن بورڈز کو اکٹھاکررہا ہے اور نئے مسودے کی منظوری میں رکاوٹیں ڈال رہاہے ، ذکا اشرف نے الزامات مسترد کرتے ہوئے ارکان سے کہا کہ  وہ اگر کوئی بات کریں اس میں تمیز اورشائستگی کو ملحوظ خاطر رکھیں ۔

ذکا اشرف نے بھارتی اور آسٹریلین ہم منصب کو متنبہ کیا کہ   اگر انہوں نے آئندہ ایسا رویہ اختیار کیا توانہیں بھی اسی طرح  جواب دیا جائے گا جب کہ ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش، سری لنکا اور جنوبی افریقا نے بھی پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی اس موقع پر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے چیرمین نے پاکستان سمیت اتحادی ممالک کو حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔