ٹیسٹ ٹیموں کو2 ڈویژن میں تقسیم کرنے کا منصوبہ ختم

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 29 جنوری 2014
 ویسٹ انڈیز نے پہلے ہی بھارتی بورڈ کے خوف سے مجوزہ تجاویز کی حمایت کردی   . فوٹو: اے ایف پی/فائل

ویسٹ انڈیز نے پہلے ہی بھارتی بورڈ کے خوف سے مجوزہ تجاویز کی حمایت کردی . فوٹو: اے ایف پی/فائل

دبی: بگ تھری نے چھوٹے بورڈز کا غصہ کم کرنے کیلیے آخری وقت پر ڈرافٹ میں ترمیم کی، ٹیسٹ ٹیموں کو 2ڈویژن میں تقسیم کرنے کا منصوبہ ختم کرنے کیساتھ فل ممبران کو ان کے اسٹیٹس کی ضمانت بھی دی گئی۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے ہی بھارتی بورڈ کے خوف سے مجوزہ تجاویز کی حمایت کردی تھی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کا ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ سے قبل خصوصی اجلاس ہوا، جس میں چھوٹے بورڈز کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلیے مجوزہ پوزیشن ڈرافٹ پیپر میں چند ترامیم کی گئیں، جس کے تحت ٹیسٹ ٹیموں کی 2ڈویژن میں تقسیم کی تجویز واپس لے لی گئی، تاہم آخری 2ٹیسٹ ٹیموں کو 4 برس کے دورانیہ میں خراب کارکردگی پر تنزلی کا پھر بھی سامنا رہے گا۔

اسی طرح نئی تشکیل دی جانے والی مجوزہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران کی تعداد چار سے پانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس میں سے تین ممبران بگ تھری یعنی بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ ہی ہوں گے تاہم باقی دوکا دیگر 7 ممبران میں سے انتخاب کیا جائے گا۔ ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس سے قبل ہی ویسٹ انڈیز نے بھی بگ تھری کو اپنی حمایت کو خفیہ طور پر یقین دلادیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاں مجوزہ ڈرافٹ پر شدید مخالفت کی جارہی ہے لیکن مالی مسائل سے دوچار کرکٹ بورڈ کسی بھی صورت میں بھارتی مخالفت کا خطرہ مول نہیں لے سکتا، اس لیے اس نے اپنے مفادات کے تحفظ کیلیے بگ تھری کو ان کی ہاں میں ہاں ملانے کی یقین دہانی کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔