کابل ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھالنے کیلیے امریکا کے اشارے کے منتظر ہیں طالبان

ہماری ٹیکنیکل ٹیم اور انجینیئرز کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، طالبان


ویب ڈیسک August 29, 2021
31 اگست کے بعد ایئرپورٹ کا انتظام سنبھال لیں گے، فوٹو: فائل

RAWALPINDI: طالبان کا کہنا ہے کہ کابل ایئر پورٹ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کے لیے امریکی اشارے کا انتظار کر رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ''رائٹرز'' سے گفتگو میں طالبان کے اعلیٰ عہدیدار نے نام نہ ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ہماری ٹیکنیکل ٹیم اور انجینیئرز کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، بس امریکی اشارے کا انتظار ہے۔

طالبان عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ 31 اگست کی حتمی تاریخ کو غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل مکمل ہوتے ہی امریکا سے کابل ایئرپورٹ کا کنٹرول لے لیں گے جس کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے۔

افغانستان میں آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والے کابل میں واقع واحد عالمی ہوائی اڈے ''حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ'' کی غیرملکی افواج کے جانے کے بعد سے سیکیورٹی اور آپریشنل انتظامات ترک فوج کے حوالے کرنا تھا۔

جس کے لیے امریکی اور ترک صدور کے درمیان بات چیت بھی ہوئی تھی تاہم ترکی کابل ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کے لیے ہونے والے اخراجات کے حوالے سے اپنے خدشات دور نہ ہونے کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب طالبان نے بھی ترکی سے ایئرپورٹ کا انتظام سنبھالنے کی درخواست کی تھی جس پر ترک صدر کا کہنا تھا کہ طالبان کی درخواست پر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔