آپریشن کا فیصلہ ہو گیا، طریقہ کا رفوج نے طے کرنا ہے،رانا ثنا اللہ

مانیٹرنگ ڈیسک  بدھ 29 جنوری 2014
عسکریت پسندوں کو ختم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، آپریشن10 سال پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ وزیرقانون پنجاب۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

عسکریت پسندوں کو ختم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، آپریشن10 سال پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ وزیرقانون پنجاب۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کا فیصلہ ہو گیا ہے۔

عسکریت پسندوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔ برطانوی اخبار ’’گارجین ‘‘کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کو ختم کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، آپریشن10 سال پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آپریشن کیسے کرنا ہے؟، اس کا فیصلہ مسلح افواج کریں گی۔ انھوں نے کہا قومی اسمبلی کی بھاری اکژیت نے فوجی آپریشن کے حق میں ووٹ دیا۔ ڈرون حملوں نے دہشتگردوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے، بظاہر ہر کوئی ڈرون حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

اندرونی طور پر ہر کوئی سمجھتا ہے کہ ڈرون حملے اچھے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق رانا ثناء اللہ خا ن نے کہا پنجاب حکو مت صوبے میں دہشت گردوں کیخلاف سخت آپر یشن کی تیاریاں مکمل کر چکی ہے جس کے تحت لاہور ،روالپنڈی سمیت174 مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں پر پنجابی، افغانی اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند موجود ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت عسکریت پنسدوں کی موجو دگی کے حوالے سے سب سے زیادہ حسا س راولپنڈی ہے۔ پو لیس دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ مل کر کارروائی کر یگی جس کا باقاعدہ آغاز بہت جلد کر دیا جا ئیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔