کورونا کے باعث 5 لاکھ بچےسرکاری اسکولوں سے نکل گئے، وزیر تعلیم کا انکشاف

صفدر رضوی  بدھ 1 ستمبر 2021
سندھ کے سر کاری اسکولوں کی انرولمنٹ 46 لاکھ سے کم ہوکر 41 لاکھ ہوگئی ہے، سردار علی شاہ . فوٹو : فائل

سندھ کے سر کاری اسکولوں کی انرولمنٹ 46 لاکھ سے کم ہوکر 41 لاکھ ہوگئی ہے، سردار علی شاہ . فوٹو : فائل

 کراچی: وزیر تعلیم سندھ نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا کے باعث 5 لاکھ بچے سرکاری اسکولوں سے نکل گئے۔

وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے “ایکسپریس” سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گزشتہ دو سال میں کوویڈ کے ساتھ ساتھ داخلہ مہم نہ چلائے جانے کے سبب تقریبا 5 لاکھ بچے اپنی تعلیم ترک کرتے ہوئے اسکولوں کو خیر باد کہہ گئے ہیں اور سندھ کے سر کاری اسکولوں کی انرولمنٹ 46 لاکھ سے کم ہوکر 41 لاکھ ہوگئی ہے۔

سردار شاہ نے بتایا کہ انھیں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری نے حال میں جو ڈیٹا شیئر کیا ہے اس میں 41 لاکھ انرولمنٹ دکھائی گئی ہے۔

13 ستمبر کو اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے ہونے والے تحریری ٹیسٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 100 مارکس کے ٹیسٹ میں پاسنگ ہیڈز 50 نمبرز رکھے گئے ہیں تاہم اگر کسی ڈویزن میں امیدوار مطلوبہ تعداد میں پاس نہ ہوسکے تو صرف متعلقہ ڈویزن کے لیے پاسنگ ہیڈ کی پالیسی میں معمولی تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹ آئی بی اے سکھر لے گا اور نتائج مشین ریڈیبل چیکنگ کے ذریعے 48 گھنٹوں میں جاری کردیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ بھرتیاں “پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی” کی اسامیوں پر ہونگی۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر اسکولز کراچی اور ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ کی اسامیوں پر تقرری کے حوالے سے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہمیں 20 گریڈ کے افسر آسانی سے نہیں ملتے لہذا ان اسامیوں کو 19/20 گریڈ کرنے کی تجویز ہے ہم ڈائریکٹر اسکولز کراچی کی اسامی پر مستقل افسر کا تقرر کرنے جارہے ہیں جو کراچی ہی سے ہوگا اور اس کے لیے وہ خود ہی انٹرویوز کریں گے۔

ڈائریکٹر جنرل کالجز کی آسانی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ریجنل ڈائریکٹرز کی موجودگی میں یہ آسامی غیر ضروری ہے اسے ختم کرکے کالجز ونگ میں کریکولم آفیسر کی آسانی تخلیق کرنے کا سوچ رہے ہیں کیونکہ انٹر کی سطح پر بھی نصاب میں تبدیلی کی جانب ہے۔

سردار شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے وفاق کا “سنگل نیشنل کریکولم ” مسترد کردیا ہے اور سندھ میں نصاب کی تبدیلی پر کام شروع کررہے ہیں نصاب میں قومی ہیروز کے علاوہ غیر متنازعہ شخصیات شامل کریں گے۔

انہوں نے مثال دی کہ جیسے سندھ کے طلبہ شیخ ایاز کو پڑھتے ہیں اسی طرح جون ایلیا کو بھی پڑھ سکتے ہیں اس سے سندھ میں اردو اور سندھی بولنے والوں کے مابین فاصلے کم ہونگے۔

سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی تقرری کے حوالے کیے گئے سوال پر سردار شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اکبر لغاری نے اپنی حالیہ سروسز سے قبل 9 سال سرکاری اسکول میں اور 2 سال کالج میں پڑھایا ہے وہ سندھ میں تعلیم کے ماحول سے بخوبی واقف ہیں تدریسی خدمات انجام دینے کے بعد ہی وہ کمیشن پاس کرکے سول سروس کی طرف آئیں ہیں۔

ایک سوال پر وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں مختلف وجوہات کی بنا پر 3 ہزار اساتذہ کی آئی ڈیز بند ہیں لہذا سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سے کہا ہے کہ ایسے اساتذہ جو لمبے عرصے سے غیر حاضر نہیں یا کسی کرمنل ایکٹ میں نہیں ہیں ان کی آئی ڈیز کھول دی جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔