ارشد پپو قتل کیس، تفتیشی افسر کی غیر حاضری پر شوکاز نوٹس،تنخواہ روکنے کا حکم

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 30 جنوری 2014
 ارشد پپو کے بیٹے نے بتایا کہ پاپا،چاچا اورشیرا پٹھان کوکچھ لوگ لے گئے ہیں،ملزمان نے مغویوں کو قتل کردیا،استغاثہ  فوٹو: فائل

ارشد پپو کے بیٹے نے بتایا کہ پاپا،چاچا اورشیرا پٹھان کوکچھ لوگ لے گئے ہیں،ملزمان نے مغویوں کو قتل کردیا،استغاثہ فوٹو: فائل

کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے لیاری گینگ وار کے ارشد پپو اور اس کے بھائی یاسر عرفات سمیت 3 افراد کے قتل کیس کی سماعت 15فروری کے لیے ملتوی کرتے ہوئے مقدمے کے تفتیشی افسر یامین گجر کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر یامین گجر کی تنخواہ روکنے کی بھی ہدایت کی، بدھ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر llکی جج نے لیاری گینگ وار کے ارشد پپو اور اس کے بھائی یاسر عرفات سمیت 3 افراد کے قتل کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ، عبدالرحمٰن ، زبیر بلوچ ، ذاکر ڈاڈا، ایس ایچ او کلاکوٹ جاوید بلوچ اور انسپکٹر یوسف بلوچ موجود تھے ، مقدمے کی سماعت کے دوران آئی او یامین گجر عدالت میں پیش نہیں ہوا اور نہ ہی گواہان کو پیش کیا گیا جس پر جج نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مقدمے کے تفتیشی افسر یامین گجر کو شوکاز نوٹس اور تنخواہ روکنے کے احکام جاری کیے ، استغاثہ کے مطابق ارشد پپو اپنے بھائی یاسر عرفات بیٹے عبدالسدیس اور ساتھی شیرا پٹھان کے ہمراہ 16 مارچ 2013 کو اپنے ایک دوست کے گھر پارٹی میں شرکت کیلیے گیا، رات 12 بجے کے بعد 12 سالہ بیٹا عبدالسدیس گھر واپس آ یا ۔

جس نے اہل خانہ کو بتایا کہ چند لوگ پاپا ،چاچا اور شیرا پٹھان کو اپنے ہمراہ لے گئے ہیں ، بچے کے مطابق وہ عذیر جان بلوچ کے بھائی زبیر بلوچ ،نور محمد عرف بابالاڈلہ اس کا بھائی زاہد لاڈلہ ،آصف ،فیصل پٹھان اور ذاکر عرف دادا کو شناخت کرنے میں کامیاب بھی ہوا ہے جبکہ مذکورہ ساری کارروائی شاہ جہاں بلوچ کی ایما پر کی گئی،ملزمان نے مقتولین کو اغوا کرنے کے بعد کلاکوٹ تھانے کی حدود مرزا آدم خان روڈ پر قتل کردیا اور پولیس کی آمد سے قبل دونوں بھائیوں ارشد پپواور یاسر عرفات کی نعشوں کو جائے وقوع سے لے گئے اور ان کی نعشوں کی بے حرمتی کرکے گٹروں میں بہادیا،ملزمان کے خلاف تھانہ کلاکوٹ میں ایف آ ئی آر نمبر 21/2013 زیر دفعہ 365،302،392،109،297،324،اور7 اے ٹی اے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ ارشد پپو کی اہلیہ اسما کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔