عمر شریف کی علالت پر بھارتی فنکار بھی تشویش میں مبتلا

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 ستمبر 2021
بھارتی فنکاروں نے کامیڈین عمر شریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے - فوٹو:فائل

بھارتی فنکاروں نے کامیڈین عمر شریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے - فوٹو:فائل

 ممبئی: پاکستانیوں سمیت بھارتی فنکار بھی ’کنگ آف کامیڈی‘ عمر شریف کی علالت پر تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

گزشتہ کچھ روز سے معروف کامیڈین عمر شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ اسپتال میں داخل ہیں۔ عمر شریف نے اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں حکومت پاکستان اور وزیراعظم عمران خان سے علاج میں تعاون کی اپیل ہے جس پر حکومت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔

کامیڈین کی علالت پر بھارت کے معروف ’پنجابی پاپ سنگر‘ دلیر مہندی نے اپنے ویڈیو پیغام میں عمر شریف کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے علاج میں تعاون کریں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کی وزیراعظم سے عمر شریف کے لیے اپیل

گلوکار دلیر مہندی نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف کی ویڈیو دیکھ کر دل دکھی ہوا ہے، آج ان کو علاج کی ضرورت ہے، آپ وزیراعظم ہیں اور آپ کے پاس پاور بھی ہے، آپ پاکستان کے فنکاروں کا خیال رکھیں۔

 معروف اداکار جونی لیور نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم سب کے عزیز فنکار جنہوں نے پوری دنیا کو ہنسایا ہے ان کی طبیعت بہت خراب ہے، سن کر بہت دکھ ہوا اور سب ان کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدا عمر شریف پر مہربان ہو اور ان کو اچھی صحت دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔