لاہور: کینو مفت نہ دینے پرپولیس اہلکاروں نے غریب ریڑھی بان کومارمارکرادھ موا کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 30 جنوری 2014
متعلقہ تھانے کے اے ایس پی کی اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی پرمشتعل افراد منتشرہوگئے فوٹو: ایکسپریس نیوز

متعلقہ تھانے کے اے ایس پی کی اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی پرمشتعل افراد منتشرہوگئے فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: شہر میں پولیس گردی سے  خادم اعلیٰ کا شہر بھی محفوظ نہیں جس کی تازہ مثال والٹن روڈ پر سامنے آئی  جہاں پولیس اہلکاروں نے ایک غریب ریڑھی بان کو کینو مفت نہ دینے پر شدید تشدد کا ناشنہ بناڈالا جب کہ  متعلقہ تھانے نے بھی اپنے پیٹی بھائیوں کا ہی ساتھ دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے والٹن روڈ پر ایک غریب ریڑھی بان کینو بیچ کر اپنے اور اپنے گھر والوں کے پیٹ کی آگ بجھاتا تھا ، ہر روز کی طرح جمعرات کو بھی وہ اپنی ریڑھی پر کینو سجائے گاہکوں کو آواز لگارہا تھا کہ چند پولیس اہلکاروں نے اس سے مفت کینو کا تقاضا کیا، اس غریب کے نصیب ہی خراب  تھے کہ اس نے مفت کینو دینے سے انکار کردیا، غریب کی اس جرات پر پولیس اہلکاروں کو طیش آگیا اور انہوں نے اس کی وہ دھنائی کی کہ اس کا حال ہی بے حال ہوگیا۔

ریڑھی بان پرتشدد ہوتا دیکھ کر کچھ دوسرے لوگ اس کی مدد کو آئے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں سے اس کو چھڑایا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ تھانے والے بھی قانون کی پاسداری کے لئے آئے انہوں نے اپنے پیٹی بھائیوں کو چھڑایا اور الٹا ریڑھی بان پر یہ الزام لگا دیا کہ وہ کینو مہنگے داموں کیوں بیچ رہا ہے، پولیس اہلکاروں کے رویئے کہ خلاف جب احتجاج بڑھا تو متعلقہ تھانے کے اے ایس پی نے اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی یقین دہانی کرائی جس پر مشتعل افراد پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔