سرکاری اسپتالوں کے چکر نے نوجوان کی جان لے لی

اسٹاف رپورٹر  پير 13 ستمبر 2021
جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے مریض کو داخل کرنے سے انکارکردیا، کوشش کے با وجود جب علاج کے لیے نہیں لیاگیا تو واپس عباسی اسپتال منتقل کیا گیا
 فوٹو:فائل

جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے مریض کو داخل کرنے سے انکارکردیا، کوشش کے با وجود جب علاج کے لیے نہیں لیاگیا تو واپس عباسی اسپتال منتقل کیا گیا فوٹو:فائل

 کراچی: سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے بے رحمانہ رویے نے نوجوان کی جان لے لی۔

لیاقت آباد نمبر10 پرہفتے اور اتوار کی درمیانی شب 2 بجے ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا 20 سالہ نوجوان سالہ عارف ولد محمد ہاشم سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹروں کے بے رحمانہ رویے کے باعث دم توڑگیا۔

ایدھی ذرائع کے مطابق لیاقت آباد 10 نمبر پر تیز رفتار گاڑی سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع پر ایمبولینس موقع پر پہنچی اورزخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد یہ کہہ کرجناح اسپتال کے لیے ریفر کردیاکہ ہمارے پاس مطلوبہ سہولیات موجود نہیں ہیں تاہم جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے مریض کو داخل کرنے سے انکار کر دیا۔

کافی دیر کوشش کے باوجود جب اسے وہاں علاج کے لیے داخل نہیں کیا گیا تو واپس عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم عباسی شہید اسپتال نائٹ شفٹ کے آر ایم او نے اسے واپس جناح اسپتال لے جانے کو کہا جس کے بعد اسے دوبارہ جناح اسپتال لے جانے کے لیے ایمبولینس میں ڈالا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس حوالے سے متوفی کے قریبی رشتے نے بتایا کہ عارف فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور ہفتے کی رات وہ گھر سے بورڈ آفس کا بول کر موٹر سائیکل پر گیا لیکن واپس نہیں پلٹا، جس پر اہلخانہ کو تشویش ہوئی اور انھوں نے عارف کی تلاش شروع کی جبکہ اس کا موبائل فون بھی مسلسل بند مل رہا تھا۔

متوفی نوجوان 5 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھا، متوفی سے بڑی 2 بہنیں اور ایک بھائی ہے جب کہ ایک چھوٹا بھائی ہے، انہوں نے بتایا کہ عارف نیو کراچی سندھی ہوٹل بشیر چوک کا رہائشی تھا جس کی نماز جنازہ بعد نماز عصر گھر کے قریب مسجد میں ادا کی گئی جس میں متوفی کے اہل خانہ، رشتے داروں ، دوستوں اور اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شریف آباد پولیس کا کہنا تھا کہ متوفی کریم آباد پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا تھا ، زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے جناح اسپتال منتقل کیاگیا، جناح اسپتال نے بھی زخمی کو داخل کرنے سے انکار کردیا تھا ، زخمی کو پھر عباسی لے آئے اور ایک بار پھر جناح منتقل کر رہے تھے اس دوران دم توڑ گیا، زخمی رات 2 بجے سے صبح ساڑھے 5 بجے تک جناح سے عباسی اسپتال کے درمیان ٹھوکریں کھاتارہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔