پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں جدید ترین ایئر بس طیارہ شامل

ویب ڈیسک  منگل 14 ستمبر 2021
فضائی بیڑے میں شامل طیاروں سے مسافروں کو آرام دہ سفری سہولیات ملیں گی، ترجمان پی آئی اے  فوٹو: فائل

فضائی بیڑے میں شامل طیاروں سے مسافروں کو آرام دہ سفری سہولیات ملیں گی، ترجمان پی آئی اے فوٹو: فائل

 کراچی: قومی ایئر لائن کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والا نیا ایئربس طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے نے ٹینڈر کے ذریعے 2 طیارے حاصل کئے ہیں، دونوں طیارے 2017 ساخت کے ہیں، ایک ائیربس طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا جب کہ دوسرا طیارہ کچھ دنوں تک پاکستان پہنچے گا۔ جدید ترین طیاروں کی شمولیت کا عمل کوویڈ کی وجہ سے تاخیرکا شکار ہوا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کی ایوی ایشن کی صنعت بھی متاثر ہوئی ہے۔

عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ کوویڈ اور عالمی ہوابازی کے حالات کے باعث پی آئی اے گزشتہ 2 سال سے طیارے حاصل نہیں کرسکا، ان طیاروں سے پی آئی اے اپنے مہمانوں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرے گا۔

پی آئی اے نے لیز پر طیاروں کے حصول کے لئے ٹینڈر جاری کئے تھے۔ یہ دونوں طیارے امریکی بینک کے ذریعے ڈرائی لیز پر حاصل کئے گئے ہیں۔ پی آئی اے نے فضائی بیڑے میں جدید ترین کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کی شمولیت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ دونوں طیارے 2017 ماڈل کے ہیں اور ان میں 170 مسافروں کی گنجائش ہے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل طیاروں کی شمولیت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے ائر لائن انتظامیہ کو ان مشکل حالات میں طیارے کی شمولیت پرمبارک باد دی۔

ایئرمارشل ارشد ملک نے حکومت پاکستان، وزرات خزانہ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ اور متعلقہ شعبہ جات کو تمام ضروری کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ہیں تا کہ طیاروں کو جلد از جلد فضائی آپریشن میں شامل کیا جا سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔