کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی

ویب ڈیسک  منگل 14 ستمبر 2021
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہونا تھا فوٹو: فائل

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہونا تھا فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے.

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 14 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران 20 ریگولیٹری اتھارٹیز کے چیئرمین اور ارکان کے معاوضوں پر رپورٹ پیش کی گئی، نئی رویت ہلال کمیٹی کے لیے قانون سازی، ہیوی کمرشل گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیز میں کمی، پینل سرچارج کا خاتمے ، ایف بی آر ڈیٹا پر سائبر حملے کے تناظر میں آپریشنل ایمرجنسی کے نفاذ اور دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ وزارت پارلیمانی امور نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری منظوری کے لئے کابینہ کو بھجوائی تھی جس کے تحت ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں کیا جانا تھا۔ اسی طرح چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہونا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔