برطانوی شہزادے کیخلاف جنسی زیادتی کیس میں بڑی پیشرفت

ویب ڈیسک  منگل 14 ستمبر 2021
شہزادے نے 1999 میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب میں نابالغ تھی، فوٹو: فائل

شہزادے نے 1999 میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جب میں نابالغ تھی، فوٹو: فائل

برطانوی شہزادہ اینڈریو کو 1999 سے 2001 تک تین بار ایک نابالغ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے پر قانونی نوٹس بھیجوا دیا گیا ہے جس سے شہزادے کے قانونی شکنجے میں پھنسنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ورجینیا رابرٹ گفی نے 2019 میں برطانوی شہزادے اینڈریو پر پہلی بار جنسی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ 1999 میں جب وہ نابالغ تھیں، شہزادے نے ان کی رضامندی کے بغیر جنسی تعلقات استوار کرنے پر مجبور کیا تھا۔

خاتون نے مزید کہا تھا کہ برطانوی شہزادے نے 3 برسوں میں 3 بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تاہم برطانوی شہزادے نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

بعد ازاں خاتون نے گزشتہ ماہ شہزادہ اینڈریو کے خلاف نیویارک کی عدالت میں سول مقدمہ دائر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شہزادے نے نابالغی میں زبردستی اور ڈرا دھمکا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

تاہم اب مذکورہ خاتون نے دائر کیے گئے مقدمے سے متعلق شہزادہ اینڈریو کو باقاعدہ قانونی نوٹس بھجوادیا جو ان کے بقول ونڈسر محل کے دروازے پر ڈیوٹی دینے والے میٹروپولیٹن پولیس افسر نے وصول کرلیا۔

قانونی نوٹس میں شہزادے کو 21 دن میں جواب دینے کو کہا گیا ہے بصورت دیگر انھیں ملزم سمجھا جائے گا اور فیصلہ ازخود اُن کے خلاف چلا جائے گا۔

دوسری جانب شہزادہ اینڈریو کے وکلا نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادے پر الزام لگانے والی خاتون کی جانب سےانہیں قانونی کاغذات موصول نہیں ہوئے ہیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔