طلبا کو بھی ٹیکہ لگے گا، کالجوں میں کورونا ویکسی نیشن شروع

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 ستمبر 2021
کالجوں کی انتظامیہ نے والدین کی رضامندی کے بعد طالب علموں کی ویکسی نیشن شروع کی ۔  فوٹو : فائل

کالجوں کی انتظامیہ نے والدین کی رضامندی کے بعد طالب علموں کی ویکسی نیشن شروع کی ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: حکومت سندھ کے احکام پر کالجوں میں طلبہ و طالبات کی کورونا ویکسی نیشن کا عمل شروع ہوگیا۔

حکومت سندھ کے فیصلے کے پیش نظر کراچی کے سرکاری اور نجی کالجوں میں17 سال اور اس سے زائد عمر کے طلبہ و طالبات کی کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

گورنمنٹ ڈگری کالج گلشن اقبال میں طالب علموں کی ویکسی نیشن کی گئی، ویکسی نیشن کے لیے طلبہ کی لمبی قطار لگی رہیں، کالج انتظامیہ کی جانب سے والدین کی رضامندی کے بعد طالب علموں کی ویکسی نیشن شروع کی گئی ہے۔

اس موقع پر والدین نے ویکسی نیشن نہ کرانیوالے طلبہ و طالبات کو کالج میں داخلہ نہ دینے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجبوراً ویکسی نیشن کرانی پڑرہی ہے، بصورت دیگر بچوں کو کالج میں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔

رضامندی فارم پر ویکسی نیشن کے بعد کسی بھی قسم کے منفی نتائج کی ذمے داری بھی خود کی ہوگی حکومت کو چاہیے کہ ویکسی نیشن نہ کرانیوالے طلبہ و طالبات کو کالج میں داخلہ نہ دینے کا فیصلہ واپس لے یا ویکسی نیشن کے بعد کسی بھی قسم کے منفی نتائج کی ذمے داری حکومت اپنے سر لے۔

کالج پرنسپل زبیدہ نسرین کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت سندھ کے تعاون سے طالب علموں کی ویکسی نیشن کی جارہی ہے،17 سال اور اس سے زائد عمر کے طالب علموں کی کورونا ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔

والدین کی رضامندی کے بعد ہی ویکسین لگائی جارہی ہے، روزانہ کی بنیاد پر طالبعلموں کی ویکسی نیشن کی جائے گی، ہم حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہیں، بغیر ویکسی نیشن کے کسی طالبعلم کو کالج میں داخلہ نہیں دے سکتے۔

حکومت کا طالبعلموں کو ویکسین لگانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ویکسی نیشن کے زریعے ہی کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔