کراچی میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی

ویب ڈیسک  بدھ 15 ستمبر 2021
بارش سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ فوٹو:فائل

بارش سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ فوٹو:فائل

 کراچی: شہر قائد میں بارش سے شدید گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔

بدھ کی صبح سے کراچی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا جس سے شہری بلبلا اٹھے، دن کے وقت پارہ 40 ڈگری کو چھوگیا جب کہ ہوا کی رفتار اور فضا میں نمی سمیت مختلف عوامل کے باعث درجہ حرارت 42 ڈگری محسوس کیا گیا۔

پھر رحمت خداوندی جوش میں آئی اور شام کو دیکھتے ہی دیکھتے آسمان پر کالے بادل امڈ آئے جس کے بعد ابر رحمت برس اٹھا۔ بارش سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعرات تک تین روز کے لیے گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی ہے۔ طبی ماہرین نے گرم موسم کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ہوا کے کم دباؤ اور ڈپریشن کے حوالے سے منظرنامہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مشرقی ہندوستان پر موجود ڈپریشن کمزور ہوچکا ہے جو اچھی علامت ہے، تاہم وسطی ہندوستان کا دوسرا کم دباؤ بھارتی گجرات راجستھان کے علاقے پر برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے اثرات جنوب مشرقی سندھ تک پھیلے ہوئے ہیں، اس سسٹم کے زیر اثر نواب شاہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور سانگھڑ میں گرد آلود آندھی و بارش کا امکان ہے، شہر قائد میں 16 ستمبر تک موسم شدید گرم رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔