حسن علی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم سلیکشن پر بات کرنے سے گریزاں

ویب ڈیسک  بدھ 15 ستمبر 2021
بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کو بہتر کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہوں، حسن علی فوٹو: فائل

بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کو بہتر کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہوں، حسن علی فوٹو: فائل

 راولپنڈی: قومی فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی سلیکشن پر کوئی بات نہیں کرسکتے لیکن بطور کھلاڑی کہہ سکتا ہوں کہ ہم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔

راولپنڈی میں ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران حسن علی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ٹیم چھوٹی بڑی نہیں ہوتی،نیوزی لینڈ کی ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ ہمیں ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

ورلڈ کپ کے حوالے سے حسن علی نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن پر کوئی بات نہیں کرسکتے، سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منتخب کی ہے، بطور کھلاڑی کہہ سکتا ہوں کہ ہم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔یو اے ای میں جو فاسٹ بولر اپنی بولنگ میں ورائٹی لاتا ہے وہی کامیاب رہتا ہے، ابھی سے تیاری شروع کریں گے تو ورلڈکپ میں دوسری ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کر سکتے ہیں۔

پاک بھارت مقابلے کے حوالے سے حسن علی نے کہا کہ کوئی کچھ دیکھے نہ دیکھے لیکن بھارت پاکستان کا میچ ضرور لوگ دیکھتے ہیں، ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت کو ہرانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

حسن علی نے کہا کہ یہ سننے میں مشکل لگتا ہے کہ ورلڈ کپ آرہا ہے اور کوچنگ اسٹاف تبدیل ہوا ہے، وقار یونس میرے رول ماڈل تھے اور ان کے ساتھ کام کرنے کو میں یاد کروں گا، ورنون فلینڈر نے جنوبی افریقا کے لیے بہترین کارکردگی دکھائی ہے،ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ان سے ہم کتنا فائدہ اٹھائیں گے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بحیثیت کھلاڑی بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کو بہتر کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہوں، تینوں فارمیٹس میں اچھا آل راؤنڈر بننے کی کوشش کروں گا،میں ہمیشہ اپنے جونیئرز کی مدد کے لیے حاضر ہوتا ہوں، میں نے اپنے سینیرز سے سیکھا ہے کہ کس طرح جونیئرز کو سکھانا ہے۔ شاہ نواز ، حارث اور حسنین جیسے نوجوانوں کو اگر سکھانے کا موقع ملتا ہے تو خوشی ہوتی ہے۔

حسن علی نے کہا کہ پریکٹس سیشن میں عبد الرزاق ہمارے ساتھ محنت کر رہے ہیں، عبدالرزاق کے ساتھ پاور ہٹنگ کا کام کر رہے ہیں،بطور کھلاڑی ہم چاہتے ہیں کہ عبدالرزاق ہمارے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں۔

اداکاری کے حوالے سے حسن علی نے کہا کہ ہر انسان کے اندر کچھ نہ کچھ صلاحیت ہوتی ہے لیکن فی الحال کوئی اداکاری کا پلان نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔