سندھ میں کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت

ویب ڈیسک  بدھ 15 ستمبر 2021
انڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک کھلی رہے گی، محکمہ داخلہ سندھ فوٹو: فائل

انڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک کھلی رہے گی، محکمہ داخلہ سندھ فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ حکومت نے کورونا کی صورت حال میں بہتری کے باعث کئی پابندیوں میں نرمی کردی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا کے باعث عائد پابندیوں کے حوالے سے نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق 30 ستمبر تک ہوگا۔ جس کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری اور تجارتی مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، گھروں سے کام کرنے کی کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے اور اب دفاتر میں 100 فیصد عملہ کام کرسکے گا۔ ہفتے میں صرف ایک دن سیف ڈے ہوگا، کراچی میں اتوار جب کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں جمعہ سیف ڈے کے طور پر بند ہوگا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر میں انڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک کھلی رہے گی تاہم انڈور ڈائننگ کے لئے ویکسینیشن کارڈ ہمراہ رکھنا لازمی ہوگا۔ ریسٹورنٹس میں 50 فیصد افراد کو بٹھانے کی اجازت ہوگی۔ سینما اور انڈور گیمز پر پابندی ہوگی لیکن جم کورونا ایس او پیز کے تحت کھولے جاسکیں گے، مزارات مقامی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کی اجازت سے کھولے جاسکیں گے، تفریحی پارکس، واٹرپارکس، پبلک پارکس اور سوئمنگ پولز 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد اور ریلوے ٹرینوں میں 70 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔

سندھ حکومت نے شادی بیاہ کی ان ڈور تقریبات کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان ڈور تقریبات میں 200 مہمانوں کی اجازت ہوگی جب کہ اوپن ایریا میں شادی بیاہ کی تقریبات میں 400 مہمانوں کی اجازت ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔