راولپنڈی نے پہلی بار قائداعظم ٹرافی پر قبضہ جمالیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 31 جنوری 2014
لاہور:قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم راولپنڈی کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور:قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم راولپنڈی کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور: راولپنڈی نے پہلی بار قائد اعظم ٹرافی پر قبضہ جمالیا،فائنل میں اسلام آباد کو 228رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ناکام ٹیم میچ کے آخری روز 435 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے206پر آئوٹ ہوگئی،کپتان عماد وسیم کی 49رنز کی مزاحمت کسی کام نہ آئی،اختر ایوب نے5پلیئرزکو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ٹائٹل تک رسائی کا سفر آسان بنایا، پیسر نے میچ میں مجموعی طور 8شکار کیے،فاتح ٹیم25لاکھ روپے انعام کی حقدار ٹھہری،رنر اپ کو 15 لاکھ ملے، مین آف دی میچ شعیب ناصر، بہترین بیٹسمین اسرار اللہ، بولر ناصر ملک اور آل رائونڈر عماد وسیم نے 50،50 ہزارکے انفرادی انعامات وصول کیے۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فیصلہ کن میچ کی پہلی اننگز میں راولپنڈی نے ایک موقع پر صرف 66رنز پر 6وکٹیں گنوا دیں تھیں، مشکل وقت میں اویس ضیا(76) اور زاہد منصور(60) نے 139 رنز کی شراکت سے ٹیم کا مجموعہ 211تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسلام آباد نے جواب میں اوپنر آفاق رحیم کے 85رنز کے باوجود 175رنز ہی جوڑے۔

راولپنڈی کی پہلی اننگز میں دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس جانے والے شعیب ناصر نے177رنز اسکور کرکے حریف ٹیم کیلیے میچ میں واپسی کے امکانات نہ ہونے کے برابر کردیے، بابر نعیم نے بھی 75 کی اننگز کھیل کر فاتح سائیڈکی مجموعی برتری 434 تک پہنچا دی،مشکل ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد نے چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک 5وکٹ پر صرف 99رنز ہی اسکور کیے تھے، عماد وسیم (29) اور شہزاد اعظم(1) کو یقینی شکست کا رخ موڑنے کیلیے جمعرات کو دوبارہ میدان میں اترنا تھا لیکن لاہور میں دھند کے باعث پہلے سیشن میں کھیل نہ ہوسکا، لنچ کے بعدمیچ اور اسلام آباد کا ناکامی کی طرف سفر شروع ہوگیا، شہزاد اعظم کو 13کے انفرادی اسکور پر حسیب اعظم نے زاہد منصور کا کیچ بنوایا تو ٹیم کا ٹوٹل 144تک ہی پہنچا تھا،صرف 8رنز کے اضافے سے عماد وسیم(49) کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی، اختر ایوب کی گیند پر کیچ متبادل فیلڈر منیر انصاری نے تھاما، پیسر نے ہی محمد کاشف کو ایک رن پر چلتا کیا۔

 photo 8_zps32d052c0.jpg

اس کامیابی کیلیے انھیں وکٹ کیپر طلحہٰ قریشی کی معاونت حاصل کرنا پڑی، سرمد بھٹی(26) کو پویلین بھیجنے کیلیے انھیں کسی فیلڈر کا سہارا نہیں لینا پڑا،جنید نادر نے41 پر وکٹ گنوانے سے قبل آخری وکٹ کی شراکت میں 43رنز بناتے ہوئے شکست کو تھوڑی دیر کیلیے ٹالا،انھیں بابر نعیم نے عدنان محمود کا کیچ بنواکر اسلام آباد کی بساط 206 پر لپیٹ دی، یوں راولپنڈی کو 228 رنزکی کامیابی کے ساتھ ٹائٹل فتح کا جشن منانے کا موقع مل گیا،اختر ایوب نے اننگز میں 5 اور میچ میں مجموعی طور پر 8 شکار کیے، ناصر ملک، حسیب اعظم 2،2 اور بابر نعیم ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اختتامی تقریب میں ایونٹ کی فاتح راولپنڈی ٹیم 25 لاکھ روپے انعام کی حقدار ٹھہری،رنرز اپ اسلام آباد کو 15 لاکھ ملے،اس کے علاوہ 50،50 ہزار روپے کے انفرادی انعامات بھی دیے گئے، مین آف دی میچ شعیب ناصر،بہترین بیٹسمین پشاور ریجن کے اسرار اللہ(875رنز)، بولر راولپنڈی کے ناصر ملک(65 وکٹیں) قرار پائے، بیسٹ آل رائونڈر کا اعزاز عماد وسیم نے حاصل کیا،انھوں نے 804 رنز بنانے کے ساتھ 41 وکٹیں بھی اڑائیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی کے کوچ صبیح اظہر نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی روشن مستقبل کی امید ہے،فائنل کا5 روز تک جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں طویل فارمیٹ کیلیے بھی باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کو محنت کا ثمر مل گیا، پرفارمنس کا معیار آئندہ بھی برقرار رکھنے کی کوشش کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔