سندھ حکومت کے من پسند افسران کی ضلع کیماڑی میں وسائل کی مبینہ لوٹ مار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 15 ستمبر 2021
سندھ حکومت کی جانب سے حال ہی میں بنایا جانے والا نیا ضلع کیماڑی اپنے پیروں پر کھڑا ہونے سے قبل ہی معذور ہونے لگا۔(فوٹو: فائل)

سندھ حکومت کی جانب سے حال ہی میں بنایا جانے والا نیا ضلع کیماڑی اپنے پیروں پر کھڑا ہونے سے قبل ہی معذور ہونے لگا۔(فوٹو: فائل)

 کراچی: سندھ حکومت کے من پسند افسران نے کراچی کے نومولود ضلع کیماڑی کے وجود میں آتے ہی اس کے وسائل پر ہاتھ صاف کرنا شروع کردیا ہے۔ سابق میونسپل کمشنر کروڑوں کا ٹھیکہ لاکھوں میں دے کر چلتے بنے۔ 

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے حال ہی میں بنایا جانے والا نیا ضلع کیماڑی اپنے پیروں پر کھڑا ہونے سے قبل ہی معذور ہونے لگا، اس بابت ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کیماڑی سندھ حکومت کے مبینہ کرپٹ افسران  کے چنگل میں پھنس گیا ہے جس کے باعث ادارے کی کارکردگی سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے۔

چند روز قبل ضلع کیماڑی کے میونسپل کمشنراقبال پھلپوٹو کا تبادلہ کیا گیا، لیکن وہ جاتے جاتے ضلع کیماڑی کے ریونیو میں اہم کردار رکھنے والا شعبہ اشتہارات من پسند ٹھیکے دار کو بغیر کسی معاہدے کے دےکر روانہ ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار سے چند لاکھ روپے کا چالان وصول کرکے اسے کروڑوں کی ریکوری حوالے کردی گئی ہے اور اب مذکورہ ٹھیکے دار ضلع کیماڑی میں ایڈورٹائزمنٹ کے تمام ٹیکسزوصول کرنے میں مصروف ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ ٹھیکہ دینے سے قبل کوئی اشتہار دیا گیا اور نہ ہی نیلامی کی گئی بلکہ بند کمرے میں معاملات طے کرکے سابق میونسپل کمشنر سرکاری ریونیو کو ٹھکانے لگاکر چلے گئے ہیں۔

شہری حلقوں اور سینئر افسران نے سنگین بدعنوانیوں اور قوانین کے خلاف ٹھیکہ دیئے جانے پر اقبال پھپلوٹو کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے ساتھ ساتھ تحقیقاتی اداروں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔