ضلعی انتظامیہ ڈیری مافیا کے سامنے بے بس ہوگئی، دودھ کے نرخ مقرر نہ ہوسکے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 31 جنوری 2014
ڈیری مافیا یومیہ 4 کروڑ روپے ناجائز منافع کمانے لگی، غیر سرکاری قیمت پر وصول رقم محکموں میں تقسیم کی جاتی ہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

ڈیری مافیا یومیہ 4 کروڑ روپے ناجائز منافع کمانے لگی، غیر سرکاری قیمت پر وصول رقم محکموں میں تقسیم کی جاتی ہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی کی انتظامیہ ڈیری مافیا کے سامنے بے بس ہوگئی، شہر میں دودھ 70روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 78روپے لیٹر فروخت ہونے لگا۔

انتظامیہ سرکاری نرخ پر عمل کرانے میں ناکام، ڈیری مافیا کے مطالبے پر قیمت میں اضافے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اس حوالے سے گزشتہ روز کمشنر کے زیر صدارت اجلاس میں قیمتوں پر نظر ثانی کے لیے6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،کراچی کی ضلعی انتظامیہ اجلاس میں شریک ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز سے سرکاری نرخ 70روپے فی لیٹر دودھ فروخت کرنے کی یقین دہانی حاصل کرنے میں ناکام رہی اور ڈیری فارمرز قیمت بڑھانے کے اپنے مطالبے پر ڈٹے رہے، اس موقع پر صارف انجمنوں کے نمائندے بھی خاموش رہے، کراچی میں تازہ دودھ کی یومیہ کھپت 50 لاکھ لیٹر ہے جس پر فی لیٹر 8 روپے منافع وصول کیا جاتا ہے، ڈیری مافیا یومیہ 4کروڑ روپے کاناجائز منافع کمارہی ہے، ذرائع کے مطابق شہریوں سے غیر سرکاری قیمت کے نام پر وصول کی جانے والی رقم، پرائس اور کوالٹی کنٹرول کے تمام محکموں میں تقسیم کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

 photo 4_zps967c66e6.jpg

کمشنر کی زیر صدارت دودھ کی قیمتوں کے تعین کا اجلاس کسی اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوگیا جس کے بعد کمشنر نے قیمت کے تعین کیلیے 6 رکنی کمیٹی قائم کی ہے کمشنر کراچی نے ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز اور ریٹیلرز کے اجلاس میں مسائل پر غور کرکے حل کی یقین دہانی کرائی ہے،اجلاس میں محکمہ لائیو اسٹاک نے دودھ کی فی لیٹر فارم قیمت 68 روپے89 پیسے، محکمہ بیورو آف سپلائی نے 65 روپے 83 پیسے اور انجمن صارفین نے62 روپے 50 پیسے تجویز کیے ہیں،ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی فی لیٹر فارم قیمت نہیں دی گئی ،8 رکنی کمیٹی میں ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدرالدین، لائیو اسٹاک کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عبد الحفیظ ، بیوروآف سپلائی کے ندرت ، کنزیومر رائٹس کونسل کے محمد جنید ، ہائیکورٹ کے آبزرور رانا فیض الحسن اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بلال احسن شامل ہونگے کمیٹی کے کنوینر ایڈیشنل کمشنر II حاجی احمد ہوں گے، یہ کمیٹی دودھ کے سالانہ نرخ کو متفقہ طور پر مقرر کرنے کی تجویز پیش کر ے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔