کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار؛ تاریخ کی تیسری گرم ترین رات

ویب ڈیسک  جمعرات 16 ستمبر 2021
دن میں ہوا 25 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتارسے چلے گی، محکمہ موسمیات

دن میں ہوا 25 کلومیٹرفی گھنٹے کی رفتارسے چلے گی، محکمہ موسمیات

 کراچی: شہر قائد میں گرمی کی شدید لہرجاری ہے اور گزشتہ رات شہر کی تاریخ کی تیسری گرم ترین رات رہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کے مشرق میں موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ کے بیشتر علاقے خاص طور پر کراچی میں گزشتہ چند روز سے شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث موسم مزید گرم ہوگیا ہے۔ جمعرات کو دن ایک بجے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تھا تاہم سمندری ہوا کی بندش اور دیگر عوامل کے باعث گرمی کی شدت 43 ڈگری محسوس کی جارہی تھی۔

کراچی کے موسم کے حوالے سے مرتب ریکارڈ کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ستمبر کے مہینے میں تاریخ کی تیسری گرم ترین رات تھی، گزشتہ رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا، اس سے قبل کراچی میں 11 ستمبر 1962 اور 5 ستمبر 2011 کو کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 6  جب کہ 20 ستمبر 1988 کو کم سے کم درجہ حرارت 30 اعشاریہ 8  ڈگری ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرمیں گرمی کی شدت آئندہ چند روزتک برقراررہے گی تاہم جمعرات کی شام کو مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔