ساحل خان کے ہراساں کرنے پر بھارتی ماڈل کی خودکشی کی کوشش

ویب ڈیسک  جمعرات 16 ستمبر 2021
سوشل میڈیا پر ہونے والی بدنامی سے تنگ آکر منوج نے نیند کی درجنوں گولیاں کھا لیں - فوٹو:فائل

سوشل میڈیا پر ہونے والی بدنامی سے تنگ آکر منوج نے نیند کی درجنوں گولیاں کھا لیں - فوٹو:فائل

 ممبئی: اداکار ساحل خان کی جانب سے ہراساں کرنے پر معروف بھارتی ماڈل اور باڈی بلڈر منوج نے خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے۔

ماڈل و باڈی بلڈر منوج نے سوشل میڈیا پر ہونے والی بدنامی سے تنگ آکر خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے۔ منوج نے نیند کی درجنوں گولیاں کھا لیں جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ منوج کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق منوج کی حالت تشویش ناک ہے۔

باڈی بلڈر منوج نے اوشیوارہ پولیس اسٹیشن میں اداکار ساحل خان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دی تھی جس میں منوج نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ساحل خان نے مجھے سوشل میڈیا پر بدنام کیا جس کے سبب میری پیشہ وارانہ زندگی میں بہت سے مسائل نے جنم لیا، پولیس فوری طور پر اداکار کے خلاف کارروائی کرے۔

دوسری جانب ساحل خان نے ایک بھارتی روزنامے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پر راج نامی لڑکے نے مجھ سے رابطہ کر کے بتایا کہ باڈی بلڈر منوج نے جعل سازی سے اسے پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ادویات 2 لاکھ روپے میں فروخت کیں۔

اداکار کے مطابق راج نے بتایا کہ ’ادویات ایکسپائر تھیں جس کی وجہ سے میری جلد خراب ہوگئی اور میں دل کی بیماری میں بھی مبتلا ہوگیا، آپ سوشل میڈیا کے ذریعے منوج کے خلاف مہم چلائیں تاکہ وہ مجھے میری رقم واپس ادا کرے‘۔

ساحل خان نے کہا کہ یہی وجہ تھی جس کے سبب میں نے سوشل میڈیا پر منوج کے خلاف ویڈیو پوسٹ کی، راج نے ثبوت فراہم کیے ہیں، مجھے خودکشی کرنے کے تنازع میں ملوث کیا گیا ہے، اگر کسی کو میری وضاحت اور ثبوت جھوٹے لگتے ہیں تو وہ ضرور قانونی کارروائی کرے۔

باڈی بلڈر منوج کے مینجر نے اداکار ساحل خان کے خلاف فوری مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس کو درخواست دے دی ہے تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں داخل منوج سے گفتگو کے بعد مقدمہ درج کیا جاسکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔